پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید انیس انور کی غزلیں — Syed Anees Anwar Ghazals

سید انیس انور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

راس آنے لگی ہے خاموشی (غزل)

راس آنے لگی ہے خاموشی

دل کو بھانے لگی ہے خاموشی

سلسلہ گفتگو کا ٹوٹ گیا

آنے جانے لگی ہے خاموشی

شور گویائی ہر طرف سن کر

خوف کھانے لگی ہے خاموشی

اہل دل چپ ہیں ماجرا کیا ہے

دل جلانے لگی ہے خاموشی

لا مکاں اور مکان کا رشتہ

کیوں چھپانے لگی ہے خاموشی

بولتے شہر ہنستے قریوں پر

اب تو چھانے لگی ہے خاموشی

بن کے بیٹھے ہیں گونگے اب ان کو

آزمانے لگی ہے خاموشی

ایک چپ پر ہزار باتیں کیوں

اب بنانے لگی ہے خاموشی

خالی ذہنوں میں سانپ کی مانند

سرسرانے لگی ہے خاموشی

بے زبانی کا یہ تقاضا ہے

رنگ لانے لگی ہے خاموشی

بڑھایا ہاتھ مگر کچھ صلہ نہ ہاتھ آیا (غزل)

بڑھایا ہاتھ مگر کچھ صلہ نہ ہاتھ آیا

کف تہی کے سفر میں گیا نہ ہاتھ آیا

گرہ میں کھولتا کیسے خرد اسیروں کی

کہ ڈور الجھی ہوئی تھی سرا نہ ہاتھ آیا

یہ رسم خوب چلی ہے مرے زمانے میں

کہ ہاتھ لگ گیا اچھا برا نہ ہاتھ آیا

لو ہاتھوں ہاتھ لٹا ہے بہار کا خرمن

خزاں تو خوش ہوئی جیسے خزانہ ہاتھ آیا

میں اس کے سامنے خاموش کیا رہا کہ اسے

خطاب کرنے کا سب سے بہانہ ہاتھ آیا

سراب دیتا ہمیں کیا ہوس کے صحرا میں

سوائے مشت غبار ہوا نہ ہاتھ آیا

مجال ہے یہ کسی کی کوئی بشر یہ کہے

خدا خدا بھی کیا اور خدا نہ ہاتھ آیا

مزید غزلیں از سید انیس انور ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں