سید امین اشرف کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کوئی بے جاں کوئی بے گھر نہیں دیکھا جاتا (غزل)
کوئی بے جاں کوئی بے گھر نہیں دیکھا جاتا
روز طرارۂ محشر نہیں دیکھا جاتا
چھین لے حیرت نظارہ یہ بینائی بھی
آنکھ ہوتی ہے تو منظر نہیں دیکھا جاتا
بے حسی شرط ہے جینے کے لئے یہ دنیا
خم ابرو ہے کہ خنجر نہیں دیکھا جاتا
دیکھیے خسروی و منصفی و دادرسی
تاج و تخت و زر و لشکر نہیں دیکھا جاتا
کھیل بچوں کا نہیں شعلۂ صد خرمن ہے
گل خوبی ہے تو چھوکر نہیں دیکھا جاتا
دید کی شب تھی کہ بطلان تھا اس دعوے کا
رات میں مہر منور نہیں دیکھا جاتا
بے لطف ہے یہ سوچ کہ سودا نہیں رہا (غزل)
بے لطف ہے یہ سوچ کہ سودا نہیں رہا
آنکھیں نہیں رہیں کہ تماشا نہیں رہا
دنیا کو راس آ گئیں آتش پرستیاں
پہلے دماغ لالہ و گل تھا نہیں رہا
فرصت کہاں کہ سوچ کے کچھ گنگنایئے
کوئی کہیں ہلاک تمنا نہیں رہا
اونچی عمارتوں نے تو وحشت خرید لی
کچھ بچ گئی تو گوشۂ صحرا نہیں رہا
دل مل گیا تو وہ اتر آیا زمین پر
آہٹ ملی قدم کی تو رستہ نہیں رہا
گرداب چیختا ہے کہ دریا اداس ہے
دریا یہ کہہ رہا ہے کنارا نہیں رہا
مٹی سے آگ آگ سے گل گل سے آفتاب
تیرا خیال شہپر تنہا نہیں رہا
باطل یہ اعتراض کہ تجھ سے لپٹ گیا
مجھ کو نشے میں ہوش کسی کا نہیں رہا
اک بار یوں ہی دیکھ لیا تھا خرام ناز
پھر لب پہ نام سرو و سمن کا نہیں رہا