پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید عالم واسطی کی غزلیں — Syed Alim Wasti Ghazals

سید عالم واسطی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

رو رو کے غیروں کو ہنسانا ہم بھی کتنے پاگل ہیں (غزل)

رو رو کے غیروں کو ہنسانا ہم بھی کتنے پاگل ہیں

یوں اپنوں کو اور رلانا ہم بھی کتنے پاگل ہیں

سچوں کو جھوٹا گردانا ہم بھی کتنے پاگل ہیں

اور جھوٹوں کو سچا جانا ہم بھی کتنے پاگل ہیں

عقل و خرد نے اکثر ٹوکا ان کی بات نہیں مانی

اپنے دل کا کہنا مانا ہم بھی کتنے پاگل ہیں

اپنے گھر کو آگ لگا کر ان کے در پہ آ بیٹھے

بیگانوں کو اپنا جانا ہم بھی کتنے پاگل ہیں

اہل خرد کو پاگل جانا اہل جنوں کو دیوانہ

اپنے کو سمجھا فرزانہ ہم بھی کتنے پاگل ہیں

جب ان کی محفل میں بیٹھے حکم ملا اٹھ جانے کا

پھر بھی رکھا آنا جانا ہم بھی کتنے پاگل ہیں

غیر کو اپنا جانا عالمؔ ٹھنڈے دل سے بات سنی

اپنوں کو سمجھا بیگانا ہم بھی کتنے پاگل ہیں

محبت کا جو یہ انجام ہو جائے تو ہم جانیں (غزل)

محبت کا جو یہ انجام ہو جائے تو ہم جانیں

ترا جلوہ وفا پیغام ہو جائے تو ہم جانیں

خرد کا سلسلہ آخر جنوں سے مل کے رہتا ہے

جنوں بڑھ کر خرد انجام ہو جائے تو ہم جانیں

یہ دنیا ہے یہاں پر آدمی تو لاکھ ملتے ہیں

جہاں میں آدمیت عام ہو جائے تو ہم جانیں

تری درگاہ میں مقبول ہیں جاہ و حشم والے

غریبوں کا بھی کوئی کام ہو جائے تو ہم جانیں

یہ ہم بھی دیکھ لیں پتھر میں کیسے جونک لگتی ہے

کسی صورت سے وہ بت رام ہو جائے تو ہم جانیں

نقاب رخ الٹ ہی دی مری گستاخ نظروں نے

محبت کی سحر اب شام ہو جائے تو ہم جانیں

قدم کچھ ضبط و جرأت سے اٹھانا شرط ہے عالمؔ

محبت پھر اگر ناکام ہو جائے تو ہم جانیں

مزید غزلیں از سید عالم واسطی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں