سید اختر علی اختر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
درد بڑھتے بڑھتے آپ اپنا مداوا ہو گیا (غزل)
درد بڑھتے بڑھتے آپ اپنا مداوا ہو گیا
آنکھ سے آنسو بہے تو جی بھی ہلکا ہو گیا
ان سے قاصد صرف یہ کہنا بصد عجز و نیاز
درد جو جاں بخش تھا اب جان لیوا ہو گیا
میں نے خود سے بھی چھپایا تھا تری الفت کا راز
اے نگاہ ناز تجھ پر کیسے افشا ہو گیا
اپنے بیمار محبت کا کرو تم کچھ علاج
ورنہ پھر کہتے پھرو گے ہائے یہ کیا ہو گیا
بزم میں اخترؔ مجھی پر تو نہ تھی ان کی نگاہ
میں نے ان آنکھوں میں کیا دیکھا مجھے کیا ہو گیا
عمر بھر کی کوشش ناکام پر ہنستا ہوں میں (غزل)
عمر بھر کی کوشش ناکام پر ہنستا ہوں میں
اس کے ہر آغاز ہر انجام پر ہنستا ہوں میں
یہ بھی گردش میں ہے ساقی میری قسمت کی طرح
تیرے میخانے میں دور جام پر ہنستا ہوں میں
شادمانی وصل کی ہو یا ہو فرقت کا الم
جو بھی مل جائے اسی انعام پر ہنستا ہوں میں
تہمتیں مجھ پر ہیں کتنی اے جمال روئے دوست
اور میرا دل کہ ہر الزام پر ہنستا ہوں میں
دن تو کٹ جاتا ہے اخترؔ پاؤں کے چکر کے ساتھ
جو نہ پہنچے صبح تک اس شام پر ہنستا ہوں میں