پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سید احسن جاوید کی غزلیں — Syed Ahsan Javed Ghazals

سید احسن جاوید کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اتنا دیکھا چلتے چلتے (غزل)

اتنا دیکھا چلتے چلتے

راکھ ہوا گھر جلتے جلتے

آنا ہے تو آ بھی جاؤ

شام ڈھلے گی ڈھلتے ڈھلتے

منزل اپنی دور ہے لیکن

مل جائے گی چلتے چلتے

شمع نے پروانوں کے غم میں

رات گزاری جلتے جلتے

آنکھوں میں جتنے آنسو تھے

موتی بن گئے ڈھلتے ڈھلتے

احسنؔ کیوں تم غم کھاتے ہو

غم تو ٹلیں گے ٹلتے ٹلتے

موسم گل ہے اور یاد تری (غزل)

موسم گل ہے اور یاد تری

جیسے ساون میں کوندتی بجلی

خوشبوؤں میں نہا گئی ہے شب

مشک بو زلف تو نے پھر جھٹکی

دل میں شہنائیاں سی بجنے لگیں

مسکراتی ہوئی جو تو گزری

خواب بکھرے ہیں تیری پلکوں پر

شبنمی آنکھ پیار میں ڈوبی

چھٹکے چھٹکے تھے حسن کے جگنو

آنکھ میری جو خواب میں جھپکی

مسکرانے لگے گلاب کے پھول

تو نے گوندھی جو گجرے سے چوٹی

جھومتا ہے شباب مستی میں

تو نے پہنی ہے ریشمی چولی

وہ جمال نو عروسی کی پھبن (نظم)

وہ جمال نو عروسی کی پھبن

وہ تبسم ریز چشم سرمگیں

سنبلیں زلفوں پہ افشاں کی چمک

وہ جبیں پر تابش ماہ مبیں

شوخیوں کی بجلیاں جذب نظر

انکھڑیوں میں جذبۂ ناز آفریں

کیف سے لبریز صہبائے شباب

خون میں رقصاں شراب آتشیں

عارضوں پر چاندنی چھٹکی ہوئی

وہ لب گلگوں پہ موج انگبیں

حسن سے چھنتی ہوئی دوشیزگی

شوخ جلوؤں میں حجاب دل نشیں

مزید غزلیں از سید احسن جاوید ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں