پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سشرت پنت ذرہ کی غزلیں — Sushrut Pant Zarraa Ghazals

سشرت پنت ذرہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دوستو یاد صبح و شام رکھو (غزل)

دوستو یاد صبح و شام رکھو

پر ہو ملنا تو کوئی کام رکھو

مجھ کو بھی کھل کے بات کرنی ہے

تم بھی الزام میرے نام رکھو

ایسے ویسے تمہیں خرید نہ لیں

ایرے غیروں سے اونچے دام رکھو

جی نہ اوبے یہاں کے لوگوں سے

اتنے دن شہر میں قیام رکھو

دوست تو بے ملے بھی دوست رہیں

اور سب سے دعا سلام رکھو

ہے زباں ذہن اور دل کے بیچ

اس کی کس ہاتھ میں لگام رکھو

سادگی شاندار ہے ذرہؔ

پھر بھی تھوڑا تو تام جھام رکھو

ویرانیاں چنیں ہیں اجاڑے نہیں گئے (غزل)

ویرانیاں چنیں ہیں اجاڑے نہیں گئے

ہم خود بگڑ گئے ہیں بگاڑے نہیں گئے

دنیا کے کام ہم سے جگاڑے نہیں گئے

پوری طرح سے ہاتھ بھی جھاڑے نہیں گئے

ہم لے گئے زمیں سر و ساماں کے ساتھ ساتھ

ہرگز جڑوں سے اپنی اکھاڑے نہیں گئے

کاغذ مری دراز میں دو قسم کے ملے

لکھے نہیں گئے ہیں کہ پھاڑے نہیں گئے

موسم تمہاری یاد کے سب موسموں میں تھے

لمبی تھیں گرمیاں کبھی جاڑے نہیں گئے

جانے کب اٹھ کھڑے ہوں رواجوں کے مردہ جسم

پھونکے نہیں گئے ہیں جو گاڑے نہیں گئے

تنہائیوں میں ذرہؔ ترستے رہے مگر

ہم محفلوں میں بھیڑ کے آڑے نہیں گئے

مزید غزلیں از سشرت پنت ذرہ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں