سوریا بھانو گپت کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
رنج اس کا نہیں کہ ہم ٹوٹے (غزل)
رنج اس کا نہیں کہ ہم ٹوٹے
یہ تو اچھا ہوا بھرم ٹوٹے
ایک ہلکی سی ٹھیس لگتے ہی
جیسے کوئی گلاس ہم ٹوٹے
آئی تھی جس حساب سے آندھی
اس کو سوچو تو پیڑ کم ٹوٹے
لوگ چوٹیں تو پی گئے لیکن
درد کرتے ہوئے رقم ٹوٹے
آئنے آئنے رہے گرچہ
صاف گوئی میں دم بہ دم ٹوٹے
شاعری عشق بھوک خودداری
عمر بھر ہم تو ہر قدم ٹوٹے
باندھ ٹوٹا ندی کا کچھ ایسے
جس طرح سے کوئی قسم ٹوٹے
ایک افواہ تھی سبھی رشتے
ٹوٹنا طے تھا اور ہم ٹوٹے
زندگی کنگھیوں میں ڈھال ہمیں
تیری زلفوں کے پیچ و خم ٹوٹے
تجھ پہ مرتے ہیں زندگی اب بھی
جھوٹ لکھیں تو یہ قلم ٹوٹے
الٹے سیدھے گرے پڑے ہیں پیڑ (غزل)
الٹے سیدھے گرے پڑے ہیں پیڑ
رات طوفان سے لڑے ہیں پیڑ
کون آیا تھا کس سے بات ہوئی
آنسوؤں کی طرح جھڑے ہیں پیڑ
باغباں ہو گئے لکڑہارے
حال پوچھا تو رو پڑے ہیں پیڑ
کیا خبر انتظار ہے کس کا
سال ہا سال سے کھڑے ہیں پیڑ
جس جگہ ہیں نہ ٹس سے مس ہوں گے
کون سی بات پر اڑے ہیں پیڑ
کونپلیں پھول پتیاں دیکھو
کون کہتا ہے یہ کڑے ہیں پیڑ
جیت کر کون اس زمیں کو گیا
پرچموں کی طرح گڑے ہیں پیڑ
اپنی دنیا کے لوگ لگتے ہیں
کچھ ہیں چھوٹے تو کچھ بڑے ہیں پیڑ
عمر بھر راستوں پہ رہتے ہیں
شاعری پر سبھی پڑے ہیں پیڑ
موت تک دوستی نبھاتے ہیں
آدمی سے بہت بڑے ہیں پیڑ
اپنا چہرہ نہار لیں رتویں
آئینوں کی طرح جڑے ہیں پیڑ