پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سندس شیخ کی غزلیں — Sundus Shaikh Ghazals

سندس شیخ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جو لکھ نہ پاؤ اگر محبت پہ بس اذیت پہ شعر لکھو (غزل)

جو لکھ نہ پاؤ اگر محبت پہ بس اذیت پہ شعر لکھو

تمہاری وحشت کا واسطہ ہے کسی بھی قیمت پہ شعر لکھو

حسین آنکھوں کو جام لکھنا گلاب ہونٹوں پہ شعر لکھنا

قدیم شعرا کی جان چھوڑو ردا کی حرمت پہ شعر لکھو

تمہیں بھی رب نے ہی ہے بنایا تمہارے اپنے بھی مسئلے ہیں

تمہیں یہ کس نے کہا اے شاعر کہ صرف عورت پہ شعر لکھو

کوئی مرا ہے کسی کی خاطر کوئی رکا ہے کسی کی خاطر

خیالی دنیا سے نکلو باہر اور اب حقیقت پہ شعر لکھو

چلا رہے ہیں بہت سے شعرا یہاں پہ غزلوں کا کالا دھندہ

سو تم بھی شعر و ادب کا سودا کرو اور اجرت پہ شعر لکھو

وہ جس پہ دنیا کی ساری خوشیاں حرام کر دی گئی ہیں سندسؔ

سماج کی اس ستائی لڑکی کی کالی رنگت پہ شعر لکھو

جفا کے بعد سبھی ختم سلسلے رکھنا (غزل)

جفا کے بعد سبھی ختم سلسلے رکھنا

سحر کے بعد اندھیروں کے حوصلے رکھنا

بھلے ہی جا کے کہیں منزلیں بدل جائیں

ہر ایک موڑ پہ خوشبو کے قافلے رکھنا

تمہارا عشق بھی کشمیر بن نہ جائے کہیں

کبھی جو حل نہ ہوں کیوں ایسے مسئلے رکھنا

تم اپنی باتوں سے خود پہلے مطمئن تو ہو

بدل سکے نا کبھی ایسے فیصلے رکھنا

عظیم تر ہیں مسائل عظیم لوگوں کے

جو ہو سکے تو ذرا ان سے فاصلے رکھنا

مزید غزلیں از سندس شیخ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں