پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سنینا جیلانی نینا کی غزلیں — Sunaina Jilani Naina Ghazals

سنینا جیلانی نینا کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کون اپنا ہے یہاں کس کو پکارا جائے (غزل)

کون اپنا ہے یہاں کس کو پکارا جائے

کس طرح جیتیں یہاں کس طرح ہارا جائے

ہو چکا ہے بڑا نقصان جگر کا میرے

کوئی ترکیب بتا کیسے خسارا جائے

پار چلتے ہیں امیدوں کے سفینے لے کر

ابر سے چاند کو دریا میں اتارا جائے

تو نہ حصوں میں نہ قسطوں میں کہاں تھا منظور

میری خواہش تھی کہ تو مل مجھے سارا جائے

مجھ سے چاہت ہے تجھے تو تو ضرورت ہے مری

ہاتھ چھوٹے نہ ترا یوں نہ سہارا جائے

دن تو کٹ جاتا ہے دنیا کے مسائل میں پہ شب

مجھ سے بن تیرے بتا کیسے گزارا جائے

بھول جائے نہ سبھی عشق کے قصے دنیا

داستانوں میں نیا ذکر ہمارا جائے

پھر سے ماں باپ کی الفت کو سہارا پاؤں

کاش پھر سے مجھے ویسے ہی دلارا جائے

وہ جو ملنا ہے ملے گا مجھے نیناؔ اک دن

کیسے ممکن ہے کہ قسمت کا ستارا جائے

میں سوچتی ہوں اب مجھے مر جانا چاہیے (غزل)

میں سوچتی ہوں اب مجھے مر جانا چاہیے

یعنی کہ وعدہ کر کے مکر جانا چاہیے

پوچھے گا کون کس سے مری موت کا سبب

الزام موت کا مرے سر جانا چاہیے

آغاز ہی کیا ہے ابھی زندگی ترا

اے زندگی بتا کہ کدھر جانا چاہیے

جو زہر اپنے لفظوں میں تم نے عطا کیا

سینے سے میرے دل میں اتر جانا چاہیے

مجھ سے نہ ہوگا اب یہ تعلق کسی طرح

ایسی ہے راہ عشق کی ڈر جانا چاہیے

کب تک سنبھال کے رکھوں اس پھول کو بھلا

خوشبو کو اب ہوا میں بکھر جانا چاہیے

کب تک بکھرنا دیکھتی ساحل پہ زندگی

دریا میں اب کے پار اتر جانا چاہیے

نیناؔ خدا کرے کہ اسے بھی پتہ نہ ہو

کچھ دن نگر میں اس کے ٹھہر جانا چاہیے

مزید غزلیں از سنینا جیلانی نینا ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں