پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سمن شاہ کی غزلیں — Suman Shah Ghazals

سمن شاہ کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ سسکا بھی یہ رویا بھی مجھے اس دل پہ حیرت ہے (غزل)

یہ سسکا بھی یہ رویا بھی مجھے اس دل پہ حیرت ہے

یہ ٹوٹا بھی یہ بکھرا بھی مجھے اس دل پہ حیرت ہے

یہ سوز جاں دئے جس نے اسی کے نام پر اب بھی

یہ مچلا بھی یہ دھڑکا بھی مجھے اس دل پہ حیرت ہے

مری نیندوں کا جو بیری اسی کم لطف کی خاطر

یہ ترسا بھی یہ جاگا بھی مجھے اس دل پہ حیرت ہے

مجھے صحرا کیا جس نے اسی پر ٹوٹ کر پاگل

یہ مہکا بھی یہ برسا بھی مجھے اس دل پہ حیرت ہے

عجب اک بے مہر ہے وہ مگر اس کی حمایت میں

یہ بولا بھی یہ روٹھا بھی مجھے اس دل پہ حیرت ہے

غضب شعلہ بیاں ہے وہ مگر اس کی سبھی باتیں

یہ سنتا بھی یہ سہتا بھی مجھے اس دل پہ حیرت ہے

سبھی گستاخیاں اس کی خوشی سے بھول جاتا ہے

یہ کملا بھی یہ پگلا بھی مجھے اس دل پہ حیرت ہے

پرائی اس کی آنکھیں ہیں مگر ان کے لیے ہر دن

یہ نکھرا بھی یہ سنورا بھی مجھے اس دل پہ حیرت ہے

ہمارے درمیاں جو فاصلے ہیں (غزل)

ہمارے درمیاں جو فاصلے ہیں

یہ بس کچھ ہی دنوں کے سلسلے ہیں

ہمیں صدیاں ہوئیں خود سے ملے بھی

تمہیں ہم سے نہ ملنے کے گلے ہیں

شکایت بد گمانی پھر جدائی

محبت ہی کے یہ سب مرحلے ہیں

تمہاری آرزو کا دشت ہے اور

پیاسے ہم زمانوں سے کھڑے ہیں

تمہاری روح میں سانسیں ہماری

تمہارے ساتھ ہم ایسے جڑے ہیں

تغافل کی خزاں چھائی ہے ہم پر

قسم لے لو کہ ہم پھر بھی برے ہیں

تمہی کو ٹوٹ کر چاہیں ہمیشہ

مری جاں آسمانی فیصلے ہیں

بچھڑ کر تم سے پھر ملنا دوبارہ

محبت کے ہی یہ سب مرحلے ہیں

تمہیں پہلی نظر میں (نظم)

تمہیں پہلی نظر میں

دیکھ کر

ایسے لگا جیسے

تمہیں ملنے سے پہلے ہی

مجھے تم سے

محبت تھی

مزید غزلیں از سمن شاہ ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں