سلطان شاکر ہاشمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
مرا حسن تکلم میرے انداز بیاں تک ہے (غزل)
مرا حسن تکلم میرے انداز بیاں تک ہے
تمہاری داستاں کا رنگ میری داستاں تک ہے
حقیقت کی نگاہوں سے جو دیکھیں دیکھنے والے
تو ہر آنسو بغیر الفاظ کی ایک داستاں تک ہے
پھر اس کے بعد میں خود موت کو آواز دے لوں گا
مجھے جینے کی حسرت بس تمہارے آستاں تک ہے
محبت نے وہ دامن دے دیا ہے میرے ہاتھوں میں
کہ وسعت جس کے اندر وسعت کون و مکاں تک ہے
زمیں سے آسماں تک ہے رسائی میری آہوں کی
ابھی تو ہر شکایت باغباں کی باغباں تک ہے
مری جانب سے جا کر آپ اس مغرور سے کہہ دیں
تری منزل زمیں تک میری منزل آسماں تک ہے
مری مشق سخن جادو سمو دیتی ہے شعروں میں
غزل کی شان اے شاکرؔ مرے حسن بیاں تک ہے
ہر خوشی تیرے لئے ہر ناخوشی تیرے لئے (غزل)
ہر خوشی تیرے لئے ہر ناخوشی تیرے لئے
اب تو ہم نے وقف کر دی زندگی تیرے لئے
اشک آنکھوں میں ہیں دل میں بیکلی تیرے لئے
زندگی سے دور ہیں اب زندگی تیرے لئے
درد دل مرگ تمنا حشر غم سوز فراق
ہم نے ہر آفت سے کی ہے دوستی تیرے لئے
اللہ اللہ اہتمام جذبۂ ذوق نیاز
روک لی ہے جیسے غنچوں نے ہنسی تیرے لئے
اب کسی سے ہم غم دل کی شکایت کیا کریں
ہم نے جب غم پر لٹا دی ہر خوشی تیرے لئے
تو نے روشن کر دئے بجھتی امیدوں کے چراغ
روح آنکھوں میں پلٹ کر آ گئی تیرے لئے
کل ترے دم سے اندھیرا بھی تھا فخر کائنات
آج جیسے رو رہی ہے روشنی تیرے لئے
اے غم دل تجھ سے تھک کر مانگتے ہیں سب اجل
میں اجل سے مانگتا ہوں زندگی تیرے لئے
وائے قسمت آج تو نے بھی اسے ٹھکرا دیا
جس نے دنیا بھر سے چھوڑی دوستی تیرے لئے