صوفی ایوب زمزم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
غیر کیا جانے تجھ کو کیا سمجھے (غزل)
غیر کیا جانے تجھ کو کیا سمجھے
ہم تو اپنا تجھے خدا سمجھے
وہ موافق ہو یا مخالف ہو
دامن دوست کی ہوا سمجھے
کس کے وہ در پہ جائے کیوں جائے
جو تجھے اپنا آسرا سمجھے
تیرے محبوب کے مراتب کو
انبیا سمجھے اولیا سمجھے
ہر ستم کو ترے کرم جانا
ہر جفا کو تری ادا سمجھے
کوئی کس طرح اس زمانے میں
کس کو اچھا کسے برا سمجھے
تو بھلائی پہ رکھ نظر زمزمؔ
لاکھ تجھ کو کوئی برا سمجھے
نہ آرزو نہ کوئی مدعا ضروری ہے (غزل)
نہ آرزو نہ کوئی مدعا ضروری ہے
اب ان کا اور مرا سامنا ضروری ہے
جہاں جہاں سے یہ گزرے ہیں عشق کے مارے
وہاں وہاں تو ترا نقش پا ضروری ہے
تجھے میں دیکھ کے پھر اور کس کو دیکھوں گا
نظر نظر بھی رہے اب یہ کیا ضروری ہے
مقام صبر و رضا امتحان دار و رسن
ہر اک کے حصے میں آئے یہ کیا ضروری ہے
دل آشنائے محبت ہوا تو ہے لیکن
اس ابتدا کی مگر انتہا ضروری ہے
جو دم ہے آج غنیمت ہے دوستو ورنہ
ہو اس کے بعد ملاقات کیا ضروری ہے
یہ لکھنؤ ہے تمہیں کچھ خبر بھی ہے زمزمؔ
کسی بھی رنگ میں ہو مرثیہ ضروری ہے