پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سبودھ لال ساقی کی غزلیں — Subodh Lal Saqi Ghazals

سبودھ لال ساقی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

آنکھ چرا کر نکل گئے ہشیاری کی (غزل)

آنکھ چرا کر نکل گئے ہشیاری کی

سمجھ گئے تم بھی موقعے کی باریکی

دریا پار سفر کی جب تیاری کی

موسم نے ہر بار بڑی غداری کی

اب لگتا ہے مڑ کے دیکھ تو سکتا تھا

آخر حد بھی ہوتی ہے خودداری کی

بار بار آکاش نے کی آتش بازی

رات منایا ہم نے جشن تاریکی

شاید صرف اجالا کر کے بجھ جائے

شاید نیت بدل جائے چنگاری کی

دھڑکن کو لغزش کی چھوٹ نہیں بالکل

دل نے اتنی سخت ہدایت جاری کی

اپنی گمشدگی کی افواہیں میں پھیلاتا رہا (غزل)

اپنی گمشدگی کی افواہیں میں پھیلاتا رہا

جو بھی خط آئے بنا کھولے ہی لوٹاتا رہا

ذہن کے جنگل میں خود کو یوں بھی بھٹکاتا رہا

الجھنیں جو تھیں نہیں ان کو ہی سلجھاتا رہا

مسکراہٹ کی بھی آخر اصلیت کھل ہی گئی

غم زمانے سے چھپانے کا مزہ جاتا رہا

اور رنگیں ہو گئی اس کے تبسم کی دھنک

عشق کا سورج حیا کی برف پگھلاتا رہا

میرا چہرہ کھو گیا چہروں کے اس بازار میں

جانے کیا کیا روپ میں دنیا کو دکھلاتا رہا

شہر کے چوراہے پر پائی تھی اس نے تربیت

عمر بھر اوروں کے آگے ہاتھ پھیلاتا رہا

سمے ہے ایک سمندر (نظم)

سمے ہے ایک سمندر

جگ صدیاں اور سال

موسم ماہ اور ہفتے

رات اور دن

شام و سحر

بحر وقت کے قطرے ہیں سب

اس ساگر کے کوئی نہیں ہیں کنارے

کوئی سفینہ پار نہیں کر پایا اس کو

ایک بلبلے کی گودی میں

تم میں ہم سب بہتے ہیں

اس سے قبل کہ ہم بھی یہیں پر

غرق یوں ہی ہو جائیں

کیوں نہ ہوا کے پنکھ لگا کر اڑ جائیں

ساون رت کے دھلے ہوئے سے آسمان میں

آج کے ڈوبتے سورج سے ہم آنکھ ملائیں

پل دو پل کو

اندر دھنش بن جائیں

مزید غزلیں از سبودھ لال ساقی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں