سبحان اسد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
رگ جاں میں سما جاتی ہو جاناں (غزل)
رگ جاں میں سما جاتی ہو جاناں
تم اتنا یاد کیوں آتی ہو جاناں
تمہارے سائے ہے پہلو میں اب تک
کہ جا کر بھی کہاں جاتی ہو جاناں
مری نیندیں اڑا رکھی ہیں تم نے
یہ کیسے خواب دکھلاتی ہو جاناں
کسی دن دیکھنا مر جاؤں گا میں
مری قسمیں بہت کھاتی ہو جاناں
وہ سنتا ہوں میں اپنی دھڑکنوں سے
تم آنکھوں سے جو کہہ جاتی ہو جاناں
پرایا پن نہیں اپنائیت ہے
جو یوں آنکھیں چرا جاتی ہو جاناں
مجھے ملال میں رکھنا خوشی تمہاری تھی (غزل)
مجھے ملال میں رکھنا خوشی تمہاری تھی
مگر میں خوش ہوں کہ وابستگی تمہاری تھی
بچھڑ کے تم سے خزاں ہو گئے تو یہ جانا
ہمارے حسن میں سب دل کشی تمہاری تھی
بہ نام شرط محبت یہ اشک بہنے دو
ہمیں خبر ہے کہ جو بے بسی تمہاری تھی
وہ صرف میں تو نہیں تھا جو ہجر میں رویا
وہ کیفیت جو مری تھی وہی تمہاری تھی
گلہ نہیں کہ مرے حال پر ہنسی دنیا
گلہ تو یہ ہے کہ پہلی ہنسی تمہاری تھی
اس نظر بس اسی نظر کی قسم (نظم)
اس نظر بس اسی نظر کی قسم
جو مجھے یہ بتا کے لوٹ گئی
کیوں رگ جاں میں پھول کھلتے ہیں
پھول کیوں پیرہن بدلتے ہیں
پیراہن کیوں حسین ہوتے ہیں
دل کو کب عقل آنے لگتی ہے
عقل کب سو قیاس بنتی ہے
کب قیاسوں میں گھر سنورتے ہیں
چاند کے ہر طواف کے معانی
خوشبوؤں کے حصار کا مطلب
کیوں ہے باد نسیم کی گردش
اب میں سمجھا بہار کا مطلب
کائنات اب سمجھ میں آئی ہے
اب خدائی کے راز سمجھے ہیں
زندگی اب نہیں معمہ صفت
اب مشیت کے تار سلجھے ہیں
میری ہر ایک حس کو تیری طلب
میری ہر سانس جستجو تیری
تو سراپا ہر ایک منظر میں
اور خوشبو بھی کو بہ کو تیری
تو نے دیکھا ہے جس نظر سے مجھے