سوز نجیب آبادی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
اب خزاں آئے یا بہار آئے (غزل)
اب خزاں آئے یا بہار آئے
کوئی موسم تو سازگار آئے
ہم نے ہاری تھی عشق کی بازی
لوگ تو حوصلے بھی ہار آئے
رکھ کے اس در پہ سر اٹھاتے کیا
آج یہ بوجھ بھی اتار آئے
اب وہ لمحے ہیں راستوں کے چراغ
تیری دھن میں جو ہم گزار آئے
ہے یہ شعلہ تو کوئی بات نہیں
دل اگر ہے تو پھر قرار آئے
سوزؔ پل پل بدلتی دنیا پر
کس طرح دل کو اعتبار آئے
بہتے پانی کی طرح موج صدا کی صورت (غزل)
بہتے پانی کی طرح موج صدا کی صورت
سوئے منزل ہیں رواں لوگ ہوا کی صورت
جادۂ زیست پہ انسان کے آگے پیچھے
حادثے گھومتے رہتے ہیں قضا کی صورت
درد کو دل کے مٹانے کے لئے میں اب تو
روز لیتا ہوں ترا نام دوا کی صورت
یاد رکھ دہر کی دیوار کے ہٹنے پر ہی
دیکھ سکتی ہے کوئی آنکھ خدا کی صورت
حشر کے روز سے پہلے بھی تو میں داور حشر
زندگی کاٹ کے آیا ہوں سزا کی صورت
کھوج اس دور خرابی میں کوئی خوبی سوزؔ
نسل آدم کے لئے کوئی بقا کی صورت