پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سوز بریلوی کی غزلیں — Soz Barelvi Ghazals

سوز بریلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

اچانک کسی نے جو چلمن اٹھا دی (غزل)

اچانک کسی نے جو چلمن اٹھا دی

قیامت سے پہلے قیامت بلا دی

کہیں ماہ رخ سے اٹھا جوار بھاٹا

کہیں تیغ ابرو نے آفت مچا دی

کہیں پر تغافل کہیں پر تبسم

کسی کی بگاڑی کسی کی بنا دی

کسی کے بیاباں کو گلشن بنایا

کسی کے گلستاں پہ بجلی گرا دی

نگاہوں میں اس کی بسائی تھی دنیا

بدل کر نظر اس نے دنیا مٹا دی

جو دیکھا محبت سے زخم جگر کو

ہرے گھاؤ میں ایک برچھی چبھا دی

محبت کا ننھا سا گھر توبہ توبہ (غزل)

محبت کا ننھا سا گھر توبہ توبہ

ستم ہائے برق نظر توبہ توبہ

یہ دل جال میں زلف پیچاں کے پھنس کر

بھٹکتا رہا عمر بھر توبہ توبہ

لٹیں کالی کالی جبیں اجلی اجلی

بہ یک وقت شام و سحر توبہ توبہ

اگر دیکھ لیں ٹک وہ ترچھی نظر سے

دو عالم ہوں زیر و زبر توبہ توبہ

کوئی دیکھے ان مشت بھر ہڈیوں کو

کوئی دیکھے قہر نظر توبہ توبہ

یہ دنیا ہے اور ہے یہی عاقبت بھی

شب سوزؔ رنگیں سحر توبہ توبہ

مزید غزلیں از سوز بریلوی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں