پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سوز عابدی کی غزلیں — Soz Aabdi Ghazals

سوز عابدی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

لو چراغ ہستی کی ہر قدم پہ لرزاں ہے (غزل)

لو چراغ ہستی کی ہر قدم پہ لرزاں ہے

جب سے تم گریزاں ہو زندگی پریشاں ہے

قید بے سلاسل ہے طائروں کی آزادی

احتساب ہو جس میں وہ چمن بھی زنداں ہے

پل رہے ہیں شاخوں پر خار کی طرح ہم بھی

آپ کی بہاریں ہیں آپ کا گلستاں ہے

اور بڑھنے والی ہیں ظلمتیں شب غم کی

ان حسیں اجالوں میں کچھ فریب پنہاں ہیں

اک نظر کی فرصت بھی آپ کو نہیں ملتی

کب سے میرے ہاتھوں میں آرزو کا داماں ہے

آ کے تیری محفل میں ہو رہا ہے اندازہ

زیست کتنی مشکل ہے موت کتنی آساں ہے

خون شاہراہوں پر خون تنگ گلیوں میں

سوزؔ اس زمانہ میں خون کتنا ارزاں ہے

خرد کا نور بصیرت کی روشنی لے کر (غزل)

خرد کا نور بصیرت کی روشنی لے کر

جبین شوق جھکے ذوق بندگی لے کر

رہ حیات کی ظلمت ہے دو گھڑی کے لئے

وہ آ رہے ہیں محبت کی روشنی لے کر

دماغ و دل میں ابھی آپ کے اندھیرا ہے

قدم بڑھائیے کچھ ہم سے روشنی لے کر

دلوں کا بغض چھپائے سے چھپ نہیں سکتا

نہ آؤ سامنے پیغام آشتی لے کر

خزاں رسیدہ گلستاں میں دل نہیں لگتا

اب آ بھی جاؤ بہاروں کی تازگی لے کر

ہر ایک سمت ہیں بکھرے ہوئے کئی چہرے

وفور درد میں ڈوبی ہوئی ہنسی لے کر

اسے بھی ہم قد و قامت سے جان لیتے ہیں

پھرے ہے چہرہ پہ چہرہ جو آدمی لے کر

تمہاری طرح سے نازک مزاج ہم بھی ہیں

بڑھاؤ جام نہ تیور میں برہمی لے کر

یہ بونے ناپ رہے ہیں ہر ایک کے قد کو

دل و دماغ میں سودائے خود سری لے کر

اے سوزؔ بھولیں گے کیسے سخن شناس انہیں

گزر گئے جو بہار سخن وری لے کر

مزید غزلیں از سوز عابدی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں