پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سوہن راہی کی غزلیں — Sohan Rahi Ghazals

سوہن راہی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کلیوں میں تازگی ہے نہ خوشبو گلاب میں (غزل)

کلیوں میں تازگی ہے نہ خوشبو گلاب میں

پہلی سی روشنی کہاں جام شراب میں

پوچھو نہ مجھ سے عشق و محبت کے سلسلے

لذت سی مل رہی ہے مجھے ہر عذاب میں

یہ راز جانتی نہ تھی تاروں کی روشنی

کتنا حسین چاند چھپا تھا نقاب میں

دو کانپتے لرزتے لبوں کی نوازشیں

لہرا کے ڈھل گئیں مرے جام شراب میں

ہم ہیں گناہ گار مگر اس قدر نہیں

جتنے گناہ آئے ہیں اپنے حساب میں

لکھی گئی جو میرے ہی خوابوں کے خون سے

راہی مرا ہی نام نہیں اس کتاب میں

تن پر تیری پیاس اوڑھ کے گاتی ہوں (غزل)

تن پر تیری پیاس اوڑھ کے گاتی ہوں

میں تیری مسکان لئے مسکاتی ہوں

میرے نینن تیرے چاند ستارے ہیں

تیری سوچ کو نیل گگن پہناتی ہوں

تیرے گیتوں کی مدماتی مدرا کو

دن رینا پیتی ہوں اور پلاتی ہوں

تن درپن کا پانی اور دمک اٹھے

جب میں تیرے نین سے نین ملاتی ہوں

تنہائی جب نام ترا دہراتی ہے

میں اپنی پرچھائیں سے ڈر جاتی ہوں

پیتم تیری پائل کیا کیا شور کرے

پھولوں میں جب روپ میں تیرا پاتی ہوں

جیون سر دیکھا ہے تیرے بولوں سے

راہیؔ تیری چپ سے میں مر جاتی ہوں

تیرے گلشن کی ہر اک رنگین ڈالی کو سلام (نظم)

تیرے گلشن کی ہر اک رنگین ڈالی کو سلام

تیری خوشبو تیری کلیوں تیرے مالی کو سلام

شب کی زلف عنبریں کو دن کی لالی کو سلام

اے مرے محسن ترے حسن مثالی کو سلام

ریشمیں کرنوں میں لپٹی تیری صبحوں کو سلام

نور میں ڈوبی ہوئی پونم کی راتوں کو سلام

روپ کے سہرے سجاتی تیری کرنوں کو سلام

اے مرے محسن تری نورانی شمعوں کو سلام

تیرے پھولوں کو تری دل کش بہاروں کو سلام

تیرے سورج کی سہانی رہ گزاروں کو سلام

تیرے ذروں تیری دھرتی کے ستاروں کو سلام

ابر پاروں کو پھواروں کو چناروں کو سلام

نور سے چہرہ ہو روشن زلف لہراتی رہے

یوں ہی تیری صبح تیری شام مسکاتی رہے

وقت کی لے پر ترانہ زندگی کا چھیڑ کر

تیری عظمت کو نئی تاریخ دہراتی رہے

اے وطن پیارے وطن میرے وطن میرے وطن

مزید غزلیں از سوہن راہی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں