ستارہ ناز کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
پہلے ہی طے تھا مرا اتنا خسارا ہونا (غزل)
پہلے ہی طے تھا مرا اتنا خسارا ہونا
زیست کا میری بنا تیرے گزارا ہونا
کام مشکل نہیں کوئی اگر انساں چاہے
ہاں ضروری ہے مشیت کا اشارہ ہونا
یہ دلائل ہیں دعاؤں کے اثر کے یا پھر
ہے کرشمہ کوئی موجوں کا کنارا ہونا
وجہ کافی ہے یہ اک شخص کی بربادی کو
نفس پر اس کے کسی لت کا اجارا ہونا
بارہا تیرے توسل سے ہوا ہے ثابت
عشق کے کھیل میں شبنم کا شرارہ ہونا
چشم رحمت کی نوازش سے کھلا ہے یہ راز
غیرممکن نہیں ذرہ کا ستارا ہونا
غم کے مارے ہوئے حالات سے ہارے ہوئے لوگ
تم کو مل جائیں اگر ان کا سہارا ہونا
ماہر فن میں صفت ملتی ہے اے نازؔ فقط
اتنا آساں نہیں انساں کا ادارہ ہونا
اندھیرے کو جو یہاں منہ کی کھانی پڑتی ہے (غزل)
اندھیرے کو جو یہاں منہ کی کھانی پڑتی ہے
دیوں کو اس کی بھی قیمت چکانی پڑتی ہے
ارادہ جیت کا رکھنے سے کچھ نہیں ہوتا
ہدف پہ اپنے نظر بھی جمانی پڑتی ہے
بہار ہو کہ خزاں یا کوئی بھی موسم ہو
گلوں کو ساکھ بھی اپنی بچانی پڑتی ہے
بس اپنے گھر کو ہی اک گھر بنائے رکھنے کو
خود اپنی ہستی کی بنیاد ڈھانی پڑتی ہے