پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

سراجؔ عالم زخمی کی غزلیں — Siraj Alam Zakhmi Ghazals

سراجؔ عالم زخمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کوئی محبوب ستم گر بھی تو ہو سکتا ہے (غزل)

کوئی محبوب ستم گر بھی تو ہو سکتا ہے

پھول کے ہاتھ میں خنجر بھی تو ہو سکتا ہے

ایک مدت سے جسے لوگ خدا کہتے ہیں

چھو کے دیکھو کہ وہ پتھر بھی تو ہو سکتا ہے

مجھ کو آوارگئ عشق کا الزام نہ دو

کوئی اس شہر میں بے گھر بھی تو ہو سکتا ہے

کیسے ممکن کہ اسے جاں کے برابر سمجھوں

وہ مری جان سے بڑھ کر بھی تو ہو سکتا ہے

صرف ساون تو نہیں آگ لگانے والا

جون کی طرح دسمبر بھی تو ہو سکتا ہے

چاک دامن سے مرے مجھ کو برا مت سمجھو

کوئی یوسف سا پیمبر بھی تو ہو سکتا ہے

صرف چہروں پہ لطافت کوئی موقوف نہیں

چاند جیسا کوئی پتھر بھی تو ہو سکتا ہے

تم سر راہ ملے تھے تو کبھی پھر سے ملو

حادثہ شہر میں اکثر بھی تو ہو سکتا ہے

سارا الزام جفا اس پہ کہاں تک رکھوں

یہ مرا اپنا مقدر بھی تو ہو سکتا ہے

کیا ضروری ہے کہ ہم سر کو جھکائیں زخمیؔ

ایک سجدہ مرے اندر بھی تو ہو سکتا ہے

زندگی تجھ سے پیار کیا کرتے (غزل)

زندگی تجھ سے پیار کیا کرتے

تجھ پہ ہم جاں نثار کیا کرتے

عمر گزری ہے خود سے لڑتے ہوئے

غیر کا اعتبار کیا کرتے

وہ گھڑی ہم نے جو جیا ہی نہیں

زندگی میں شمار کیا کرتے

اب محبت میں جی نہیں لگتا

اک خطا بار بار کیا کرتے

اس نے دیکھا تھا ایسی نظروں سے

مر نہ جاتے تو یار کیا کرتے

مفلسی ہم نے خود کشی کر لی

موت کا انتظار کیا کرتے

مزید غزلیں از سراجؔ عالم زخمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں