صدق جائسی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کیا کرے چشم غلط انداز بے تقصیر ہے (غزل)
کیا کرے چشم غلط انداز بے تقصیر ہے
اے شہ خوباں کماں بھاری ہے ہلکا تیر ہے
میرا منہ چھوٹا بڑی باتوں میں کیوں کر دخل دوں
سامنے تصویر یوسف کے تری تصویر ہے
کل نہ تھی ملنے کی فرصت آج وہ گھر پر نہیں
دیکھ اے تدبیر کے حامی یہی تقدیر ہے
میں بھی دل رکھتا ہوں کیا مجھ کو نہیں شوق حرم
خاک بت خانے کی لیکن پاؤں کی زنجیر ہے
عکس ہے پھر عکس آئینے سے اتنا ربط کیا
اصل سے بہتر ہے میرے دل میں جو تصویر ہے
آنکھ کے اندر نگاہ ناز ہے کتنی غریب
آنکھ سے باہر یہی چلتی ہوئی شمشیر ہے
صدقؔ سچ پوچھو تو پوجا حسن ہی کی ہے بجا
لب کشائی میں خدا کا خوف دامن گیر ہے
وہ پوچھتے ہیں تو نے تو پیکاں نہیں دیکھا (غزل)
وہ پوچھتے ہیں تو نے تو پیکاں نہیں دیکھا
گر زخم نہ کہہ دیں تو کہوں ہاں نہیں دیکھا
اللہ رے سیاہی تری اے روز جدائی
وہ دیکھتے ہیں جو شب ہجراں نہیں دیکھا
لائی ہے صبا نکہت گل شاد ہے بلبل
غافل نے مگر رنگ گلستاں نہیں دیکھا
وحشت کدۂ دل کا مرے حال نہ پوچھو
کیا تم نے کوئی خانۂ ویراں نہیں دیکھا
معشوق وفادار بھی ہوتے ہیں بجا ہے
آنکھوں نے تو اے حسن پشیماں نہیں دیکھا
کیوں ہوش نہیں مجھ کو نہ پوچھ آہ یہ ہمدم
تو نے کرم پرسش پنہاں نہیں دیکھا
کوچے میں ترے صدقؔ کو مثل گل و شبنم
خنداں نہیں دیکھا ہے کہ گریاں نہیں دیکھا