صدیقہ شبنم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
ٹوٹ کر اندر سے بکھرے اور ہم جل تھل ہوئے (غزل)
ٹوٹ کر اندر سے بکھرے اور ہم جل تھل ہوئے
تجھ سے جب بچھڑے تو اتنا روئے ہم بادل ہوئے
تھے کبھی آباد جو زخموں کے پھولوں سے یہاں
دیکھنا وہ شہر اس موسم میں سب جنگل ہوئے
دھوپ سے محرومیوں کی تھے ہراساں لوگ سب
روح کے آزار سے کچھ اور بھی پاگل ہوئے
جن سے وابستہ تھی شبنمؔ زندگی کی ہر خوشی
آہ کیسے لوگ تھے نظروں سے جو اوجھل ہوئے
جو دل کی بارگاہ میں تجلیاں دکھا گیا (غزل)
جو دل کی بارگاہ میں تجلیاں دکھا گیا
مرے حواس و ہوش پر سرور بن کے چھا گیا
ترے بغیر زندگی گزارنا محال تھا
مگر یہ قلب ناتواں یہ بوجھ بھی اٹھا گیا
جو شخص میری ذات میں بسا ہوا تھا مدتوں
نہ جانے مجھ سے روٹھ کر وہ اب کہاں چلا گیا
پھر آج اک ہوائے غم اداس دل کو کر گئی
خیال تیری یاد کا نظر کو پھر بجھا گیا
کبھی قدم جو تھک گئے غموں کی رہ گزار میں
تری نظر کا نور تھا جو حوصلے بڑھا گیا
مزید غزلیں از صدیقہ شبنم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں