پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

صدیق شاہد کی غزلیں — Siddiq Shahid Ghazals

صدیق شاہد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل کی بستی پہ کسی درد کا سایہ بھی نہیں (غزل)

دل کی بستی پہ کسی درد کا سایہ بھی نہیں

ایسا ویرانی کا موسم کبھی آیا بھی نہیں

ہم کسی اور ہی عالم میں رہا کرتے ہیں

اہل دنیا نے جہاں آکے ستایا بھی نہیں

ہم پہ اس عالم تازہ میں گزرتی کیا ہے

تم نے پوچھا بھی نہیں ہم نے بتایا بھی نہیں

کب سے ہوں غرق کسی جھیل کی گہرائی میں

راز ایام مگر عقل نے پایا بھی نہیں

بے زمینی کا یہ دکھ اور زمیں بھی اپنی

بے بسی ایسی کہ نکتہ یہ اٹھایا بھی نہیں

بے جہت اٹھتے ہوئے ٹھوکریں کھاتے یہ قدم

راہ بر میرا مجھے راہ پہ لایا بھی نہیں

اس نے ہمدردی کے پیماں تو بہت باندھے تھے

آ پڑی ہے تو مرا ہاتھ بٹایا بھی نہیں

دل کی دیواروں سے لپٹی ہے کسی شام کی یاد

جانے والا تو کبھی لوٹ کے آیا بھی نہیں

سرد مہری کہ جگر چھلنی کیے دیتی ہے

اس نے یوں دیکھنے میں ہاتھ چھڑایا بھی نہیں

اس سے امید وفا باندھ رکھی ہے شاہدؔ

جس نے یہ بار محبت کا اٹھایا بھی نہیں

فراق و وصل سے ہٹ کر کوئی رشتہ ہمارا ہو (غزل)

فراق و وصل سے ہٹ کر کوئی رشتہ ہمارا ہو

بغیر اس کے بھی شاید زندگی ہم کو گوارا ہو

نکل آئے جو ہم گھر سے تو سو رستے نکل آئے

عبث تھا سوچنا گھر میں کوئی غیبی اشارہ ہو

نہ اس ڈھب کی بھی ظلمت ہو کہ سب مل کر دعا مانگیں

کوئی جگنو ہی آ نکلے نہ گر کوئی ستارہ ہو

زیاں کی زد پہ دنیا میں کئی لوگ اور بھی ہوں گے

تو پھر اے نا مرادی تو مرے غم کا سہارا ہو

تقابل کثرت و قلت کا کچھ معنی نہیں رکھتا

اندھیرا چیر کر نکلے اگرچہ اک شرارہ ہو

پرانے غم ترے تو جزو جاں ہم نے بنا ڈالے

بساط دل کی خواہش ہے نئے غم کا اتارا ہو

فصیل شہر پہ روشن اگر ہوں حسن کی شمعیں

تو اک اک لفظ شاہدؔ روشنی کا استعارہ ہو

مزید غزلیں از صدیق شاہد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں