پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شعیب زمان کی غزلیں — Shoeb Zaman Ghazals

شعیب زمان کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سلامتی کی دعا کا ثمر بنا ہوا ہے (غزل)

سلامتی کی دعا کا ثمر بنا ہوا ہے

تمہارے باغ کا پودا شجر بنا ہوا ہے

وہ جس کے واسطے پھولوں کا اہتمام ہوا

فضائے دل سے وہی بے خبر بنا ہوا ہے

ملے جو کوئی مجھے دل چرانے لگ جائے

تمام شہر ترا جادوگر بنا ہوا ہے

کہیں پہ مسئلہ فٹ پاتھ پر تجاوز کا

کہیں پہ مسئلہ دیوار و در بنا ہوا ہے

سکون کیوں نہیں کرتے تھکے ہوئے منظر

تمہاری آنکھ میں بستر اگر بنا ہوا ہے

کب محبت سے دیکھتے ہیں مجھے (غزل)

کب محبت سے دیکھتے ہیں مجھے

سب ضرورت سے دیکھتے ہیں مجھے

میرا نیندوں کے ساتھ جھگڑا ہے

خواب حسرت سے دیکھتے ہیں مجھے

جنگ جیتی ہے کیسے خوشبو سے

پھول حیرت سے دیکھتے ہیں مجھے

میں تو ان سے بھی پیار کرتا ہوں

جو حقارت سے دیکھتے ہیں مجھے

سارے تریاک پاس ہیں میرے

سانپ نفرت سے دیکھتے ہیں مجھے

بیعت لفظ جب سے کی میں نے

حرف عزت سے دیکھتے ہیں مجھے

میں تو صحرا کا رہنے والا ہوں

پیڑ قسمت سے دیکھتے ہیں مجھے

تیرا دیدار ان کی مزدوری

جو بھی محنت سے دیکھتے ہیں

جانے کب چشم نیل گوں برسے

اشک مدت سے دیکھتے ہیں مجھے

مزید غزلیں از شعیب زمان ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں