پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شوبھا ککل کی غزلیں — Shobha Kukkal Ghazals

شوبھا ککل کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

یہ کہہ کہہ کے ہم دل کو بہلا رہے ہیں (غزل)

یہ کہہ کہہ کے ہم دل کو بہلا رہے ہیں

ملاقات کے دن قریب آ رہے ہیں

وہ گلشن میں یوں سیر فرما رہے ہیں

ادھر آ رہے ہیں ادھر جا رہے ہیں

سروں پر مصائب بھی منڈلا رہیں ہیں

مگر گیت خوشیوں کے ہم گا رہے ہیں

سمجھنے کو کوئی بھی راضی نہیں ہے

ہمیں دل تو ہم دل کو سمجھا رہے ہیں

سلجھتی نہیں زلف بھی جن سے اپنی

مسائل زمانے کے سلجھا رہے ہیں

نہ اہل سیاست کی چالوں میں آنا

وہ جال اپنا ہر اور پھیلا رہے ہیں

جنہیں تم نے ٹھکرا دیا تھا کسی دن

ابھی تک وہ زخموں کو سہلا رہے ہیں

گزر جائیں گے یہ دن بے بسی کے (غزل)

گزر جائیں گے یہ دن بے بسی کے

زمانے لوٹ آئیں گے خوشی کے

اٹھو اور بندگی کر لو خدا کی

گزر جائیں نہ لمحے بندگی کے

خدا کی ذات پر رکھیں بھروسہ

بھرے گا وہ خزانے ہر کسی کے

ہمیشہ واسطہ نیکی سے رکھنا

نہ جانا پاس ہرگز تم بدی کے

ہوئی ہے شمع گل اب پیار والی

جلیں کیسے دیے اب زندگی کے

بھروسہ ہے خدا کی رحمتوں پر

تو کیوں پھیلائیں ہاتھ آگے کسی کے

خدا محفوظ رکھے ہر بلا سے

چلن اچھے نہیں ہیں اس صدی کے

نظر نیچی یہ ماتھے کی متانت

میں قرباں آپ کی اس سادگی کے

مزید غزلیں از شوبھا ککل ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں