شیو کمار بلگرامی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
نیند کی گولی نہ کھاؤ نیند لانے کے لئے (غزل)
نیند کی گولی نہ کھاؤ نیند لانے کے لئے
کون آئے گا بھلا تم کو جگانے کے لئے
بیٹا بیٹی فون پر اکثر بتاتے ہیں مجھے
وقت ملتا ہی نہیں ہے گاؤں آنے کے لئے
قبر اپنی کھود کر خود لیٹ جاؤ ایک دن
وقت کس کے پاس ہے مٹی اٹھانے کے لئے
وہ بھی اپنے وہ بھی اپنے وہ بھی اپنے تھے کبھی
وہ جو اپنے تھے کبھی وہ تھے رلانے کے لئے
اب جو اپنے ہیں نہ ان کا حال ہم سے پوچھئے
حال بھی وہ پوچھتے ہیں تو ستانے کے لئے
کس لئے دھڑکن بڑھی ہے پھر تری مجروح دل
کیا ابھی کوئی بچا ہے آزمانے کے لئے
بیچ دی کیوں زندگی دو چار آنے کے لئے (غزل)
بیچ دی کیوں زندگی دو چار آنے کے لئے
ایک دو لمحہ تو رکھتا مسکرانے کے لئے
دوڑ کر دفتر گئے بھاگے وہاں سے گھر گئے
لنچ میں فرصت نہیں ہے لنچ کھانے کے لئے
کس لئے کس کے لئے ٹٹو بنے ہو رات دن
آج بھی رویا ہے بچہ گود آنے کے لئے
گاؤں میں ماں باپ تم کو یاد کرتے ہیں بہت
وقت تھوڑا سا نکالو گاؤں جانے کے لئے
کچھ سمے گھر کے لئے بھی اب نکالو دوستو
دن بہت تھوڑے بچے ہیں گھر بچانے کے لئے