شیخ علی بخش بیمار کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
دم نہ نکلا یار کی نامہربانی دیکھ کر (غزل)
دم نہ نکلا یار کی نامہربانی دیکھ کر
سخت حیراں ہوں میں اپنی سخت جانی دیکھ کر
شام سے تا صبح فرقت صبح سے تا شام ہجر
ہم چلے کیا کیا نہ لطف زندگانی دیکھ کر
یوں تو لاکھوں غمزدہ ہوں گے مگر اے آسماں
جب تجھے جانوں کہ لا دے میرا ثانی دیکھ کر
اب تپ فرقت سے یہ کچھ ضعف طاری ہے کہ آہ
دنگ رہ جاتی ہے ہم کو نا توانی دیکھ کر
واسطے جس کے ہوئے بحر فنا کے آشنا
وہ پسیجا بھی نہ اپنی جاں فشانی دیکھ کر
باز آ بیمارؔ اس کے عشق سے جانے بھی دے
ترس آتا ہے یہ تیری نوجوانی دیکھ کر
رنجش تری ہر دم کی گوارا نہ کریں گے (غزل)
رنجش تری ہر دم کی گوارا نہ کریں گے
اب اور ہی معشوق سے یارانہ کریں گے
باندھیں گے کسی اور ہی جوڑے کا تصور
سر دھیان میں اس زلف کے مارا نہ کریں گے
امکان سے خارج ہے کہ ہوں تجھ سے مخاطب
ہم نام کو بھی تیرے پکارا نہ کریں گے
یک بار کبھی بھولے سے آ جائیں تو آ جائیں
لیکن گزر اس گھر میں دوبارا نہ کریں گے
کیا خوب کہا تو نے جو کھولوں ابھی آغوش
ملنے سے مرے آپ کنارا نہ کریں گے
گو خاک میں مل جائیں ہم اور وضع بدل جائیں
پر تجھ سے ملاقات خود آرا نہ کریں گے
اس نرگس بیمارؔ سے رکھتے ہیں شباہت
ہرگز سوئے عبہر بھی اشارا نہ کریں گے