پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شاعر جمالی کی غزلیں — Shayar Jamali Ghazals

شاعر جمالی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مرے نصیب کا لکھا بدل بھی سکتا تھا (غزل)

مرے نصیب کا لکھا بدل بھی سکتا تھا

وہ چاہتا تو مرے ساتھ چل بھی سکتا تھا

یہ تو نے ٹھیک کیا اپنا ہاتھ کھینچ لیا

مرے لبوں سے ترا ہاتھ جل بھی سکتا تھا

اڑاتی رہتی ہے دنیا غلط سلط باتیں

وہ سنگ دل تھا تو اک دن پگھل بھی سکتا تھا

اتر گیا ترا غم روح کی فضاؤں میں

رگوں میں ہوتا تو آنکھوں سے ڈھل بھی سکتا تھا

میں ٹھیک وقت پہ خاموش ہو گیا ورنہ

مرے رفیقوں کا لہجہ بدل بھی سکتا تھا

انا کو دھوپ میں رہنا پسند تھا ورنہ

ترے غرور کا سورج تو ڈھل بھی سکتا تھا

رگڑ سکی نہ مری پیاس ایڑیاں ورنہ

ہر ایک ذرے سے چشمہ ابل بھی سکتا تھا

پسند آئی نہ ٹوٹی ہوئی فصیل کی راہ

میں شہر تن کی گھٹن سے نکل بھی سکتا تھا

وہ لمحہ جس نے مجھے ریزہ ریزہ کر ڈالا

کسی کے بس میں جو ہوتا تو ٹل بھی سکتا تھا

راہیں ویران تو اجڑے ہوئے کچھ گھر ہوں گے (غزل)

راہیں ویران تو اجڑے ہوئے کچھ گھر ہوں گے

دشت سے بڑھ کے مرے شہر کے منظر ہوں گے

یوں ہی تعمیر اگر ہوتے رہے شیش محل

ایک دن شہر کی ہر راہ میں پتھر ہوں گے

دشت میں ہم نے یہ مانا کہ ملیں گے وحشی

شہر والوں سے تو ہر حال میں بہتر ہوں گے

کیا خبر تھی کہ گلابوں سے حسیں ہونٹوں پر

زہر میں ڈوبے ہوئے طنز کے نشتر ہوں گے

تیرے انصاف کا معیار یہی کہتا ہے

جتنے الزام بھی ہوں گے وہ مرے سر ہوں گے

حال دل کہنے سے پہلے ہمیں معلوم نہ تھا

تیری آنکھوں میں بھی اشکوں کے سمندر ہوں گے

مزید غزلیں از شاعر جمالی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں