شاعر فتح پوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہ بے وفا ہی سہی اس کو بے وفا نہ کہو (غزل)
وہ بے وفا ہی سہی اس کو بے وفا نہ کہو
ادب کی حد میں رہو حسن کو برا نہ کہو
شراب عشق کی عظمت سے جو کرے انکار
وہ پارسا بھی اگر ہو تو پارسا نہ کہو
پڑا ہے کام اسی خود پرست کافر سے
جسے یہ ضد ہے کسی اور کو خدا نہ کہو
مرا خلوص محبت ہے قدر کے قابل
زباں پہ ذکر وفا ہے اسے گلا نہ کہو
یہ کیا کہا کہ دعا ہے اثر سے بیگانہ
تڑپ نہ دل کی ہو جس میں اسے دعا نہ کہو
یہ اور کچھ نہیں فطرت کی بد مذاقی ہے
بغیر بادہ گھٹا کو کبھی گھٹا نہ کہو
تڑپ تڑپ کے گزارو شب فراق اپنی
یہ ناز حسن ہے شاعرؔ اسے جفا نہ کہو
سر تسلیم خم کرنا پڑا تقصیر سے پہلے (غزل)
سر تسلیم خم کرنا پڑا تقصیر سے پہلے
محبت کی سزا مجھ کو ملی تعزیر سے پہلے
برا ہوگا ہماری راہ میں آیا اگر کوئی
کہ ہم شمشیر بن جائیں گے خود شمشیر سے پہلے
محبت کی نظر اک اک نفس پر کام کرتی ہے
تجھے ہم دیکھ لیتے ہیں تری تصویر سے پہلے
محبت کا زمانہ بھی عجب دل کش زمانہ تھا
اسیری میری ثابت ہو گئی زنجیر سے پہلے
ہمارے نامۂ پر شوق لکھنے پر یہ پابندی
قلم کی جائیں گی کیا انگلیاں تحریر سے پہلے
محبت کی امانت یوں ہی انساں نے نہیں پائی
کیا ہے غور خود قدرت نے بھی تقدیر سے پہلے
کوئی ایسے میں بیداری کا دے پیغام اے شاعرؔ
زمانہ ہوش میں آتا نہیں تقریر سے پہلے