شاعر رومانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
غیر معروف علاقے کا میں باشندہ ہوں (غزل)
غیر معروف علاقے کا میں باشندہ ہوں
خطۂ باد مخالف کا نمائندہ ہوں
گونجتا ہے مرے کانوں میں پہاڑی نغمہ
آبشاروں کے ترانے کا میں سازندہ ہوں
سانس پیہم لیے جاتا ہے فنا کی جانب
اور میں سوچتا رہتا ہوں کہ میں زندہ ہوں
حال محبوب کا معلوم نہیں ہے مجھ کو
کوئی ماضی ہوں کسی کا نہ میں آئندہ ہوں
میں دہائی نہیں دیتا ہوں رخ موسم کی
دفتر شب میں لکیروں کا میں کارندہ ہوں
کف افسوس بھی ملتا ہوں نئی قدروں پر
اور فرسودہ روایت سے بھی شرمندہ ہوں
ہم لوگ اپنی ذات کے باہر ہیں خواب میں (غزل)
ہم لوگ اپنی ذات کے باہر ہیں خواب میں
آباد ہیں خیال میں بے گھر ہیں خواب میں
ہے نیند کہکشاں کا سفر ان کے واسطے
اپنے لئے پہاڑ ہیں پتھر ہیں خواب میں
پرواز کا ہے خوب مزہ آسمان میں
ابرو ہوا کے دوش پہ شہپر ہیں خواب میں
گو مفلسی ہے خانہ خرابی پہ طعنہ زن
بستر پہ اپنے خاک ہیں ہم زر ہیں خواب میں
اشخاص کی نگاہ میں ہم کھردرے سہی
شیشہ نژاد قامت و پیکر ہیں خواب میں
تعبیر میں ملیں گی دریدہ لباسیاں
جگ مگ کسی حسین کے زیور ہیں خواب میں