پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شوق دہلوی مکی کی غزلیں — Shauq Dehlvi Makki Ghazals

شوق دہلوی مکی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

رو رہی ہے جس طرح یہ شمع پروانے کے بعد (غزل)

رو رہی ہے جس طرح یہ شمع پروانے کے بعد

آپ بھی روئیں گے مجھ کو میرے مر جانے کے بعد

گر نہیں ملتی شراب ناب آنسو ہی سہی

کچھ تو پینا چاہیئے فرقت میں غم کھانے کے بعد

رشک جنت بن گیا تھا آپ کے آنے سے گھر

ہو گیا دوزخ سے بدتر پھر چلے جانے کے بعد

کیا خبر ہم بد نصیبوں کو ہے کیا شئے بہار

ہم نے تو گلشن کو دیکھا ہے اجڑ جانے کے بعد

کیا بتائیں تجھ کو واعظ مے کشی کے ہم مزے

آپ ہو جائیں گے معلوم ایک پیمانے کے بعد

رائیگاں ہونے نہ دو اے شوقؔ تم وقت عزیز

یہ وہ شے ہے جو نہیں ملتی ہے کھو جانے کے بعد

وہ صنم خوگر وفا نہ ہوا (غزل)

وہ صنم خوگر وفا نہ ہوا

یہ بھی اچھا ہوا برا نہ ہوا

آ گیا لطف زندگانی کا

درد جو قابل دوا نہ ہوا

عمر بھر ہم جدا رہے اس سے

ہم سے دم بھر بھی جو جدا نہ ہوا

کہے دیتی ہیں شرمگیں نظریں

کیا ہوا رات اور کیا نہ ہوا

شوقؔ نے لکھے سینکڑوں دفتر

حرف مطلب مگر ادا نہ ہوا

مزید غزلیں از شوق دہلوی مکی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں