پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شوق بجنوری کی غزلیں — Shauq Bijnori Ghazals

شوق بجنوری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دل گیا دل سے دل کی بات گئی (غزل)

دل گیا دل سے دل کی بات گئی

وہ گئے لذت حیات گئی

غنچے افسردہ پھول پژمردہ

فصل گل جیسے ان کے سات گئی

ان کے جلوے نگاہ میں نہ رہے

رونق بزم کائنات گئی

دل ناداں کو لاکھ سمجھایا

کچھ نہ سمجھا یہ ساری رات گئی

سایۂ زلف میں جو گزری تھی

کون جانے کدھر وہ رات گئی

اٹھ گیا پردۂ اجل جس دم

اک حیات آئی اک حیات گئی

شوقؔ بزم جہاں کی رونق ہے

یہ گیا روح کائنات گئی

رخ روشن کو بے نقاب نہ کر (غزل)

رخ روشن کو بے نقاب نہ کر

دل کی دنیا میں انقلاب نہ کر

آئنہ رکھ نہ سامنے اس کے

حسن خودبیں کو لا جواب نہ کر

چار سو جلوہ گر تو ہی تو ہے

آئنہ خانہ میں حجاب نہ کر

میرے نغموں میں کیف غم بھر دے

مجھ کو منت کش رباب نہ کر

میری اختر شماریاں مت پوچھ

اپنے وعدوں کا کچھ حساب نہ کر

بخت دازوں کو رو رہا ہوں میں

غم زدہ پر فلک عذاب نہ کر

راہ پرخار ہے ابھی در پیش

آبلوں کا ابھی حساب نہ کر

شوقؔ ہے تیرا منتظر کب سے

اب تو صورت دکھا حجاب نہ کر

مزید غزلیں از شوق بجنوری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں