پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شوکت بلگرامی کی غزلیں — Shaukat Bilgrami Ghazals

شوکت بلگرامی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جب میں رویا ہوں وہ روئے ہیں یہ الفت میرے ساتھ (غزل)

جب میں رویا ہوں وہ روئے ہیں یہ الفت میرے ساتھ

مدتوں برسا کیا ہے ابر رحمت میرے ساتھ

جان جائے یار ہے دل کو رہے گا پاس عشق

قبر میں جائیں گے تیرے راز الفت میرے ساتھ

دیتی ہے ترغیب نالے کی کہ ہر آزردہ‌ دوست

دشمنی کرتی ہے اب میری محبت میرے ساتھ

میں تو ہوں دل دادۂ الفت کہو میں کیا کروں

دل ربا ہو کر کرو تم جب یہ الفت میرے ساتھ

شکل تیری سامنے آنکھوں کے ہے آٹھوں پہر

یاد تیری ہے شریک رنج و راحت میرے ساتھ

بن گیا بیتاب دل اک محشرتان خیال

خواب میں جب وہ ہوئے سرگرم الفت میرے ساتھ

یاد اب بھولے سے بھی صبح وطن آتی نہیں

ہو گئی مانوس ایسی شام غربت میرے ساتھ

دل میں دھڑکن لب پہ نالے چشم تر میں اشک خوں

کیا کہوں کیا کر گئی تیری محبت میرے ساتھ

یاد آتا ہے یہ رفتار قمر کو دیکھ کر

سیر کرتا تھا یوں ہی وہ ماہ طلعت میرے ساتھ

تو ہے اور تیری نظر میں اک قیامت کا غرور

میں ہوں اور اک محشر ارمان و حسرت میرے ساتھ

وہ تو رخصت کر کے مجھ کو گھر میں جا بیٹھے مگر

یاد ان کی دور تک آئی تھی شوکتؔ میرے ساتھ

لکھا ہے گو تیری قسمت میں شوکتؔ چشم تر رکھنا (غزل)

لکھا ہے گو تیری قسمت میں شوکتؔ چشم تر رکھنا

مگر ظالم کسی کی آبرو پر بھی نظر رکھنا

نہ بھولے گا نہ بھولے گا قیامت تک نہ بھولے گا

کسی کا وہ محبت سے مرے سینہ پہ سر رکھنا

نہ اٹھے گا دل نازک سے صدمہ رنج فرقت کا

الٰہی میرے درد دل سے ان کو بے خبر رکھنا

وہ کیا جانے بھلا ہوتی ہیں کیسی عیش کی راتیں

میسر ہو نہ جس کو تا سحر تکیے پہ سر رکھنا

دل بے آرزو کافی ہے ہم حسرت نصیبوں کو

مبارک ہو صدف کو اپنی مٹھی میں گہر رکھنا

نہ ہو کس طرح شرط‌ دلبری دنیا میں دل داری

جہاں میں گھر بنانا سہل ہے مشکل ہے گھر رکھنا

مزید غزلیں از شوکت بلگرامی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں