شوکت انصاری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
سوز غم حیات میں جلنے نہیں دیا (غزل)
سوز غم حیات میں جلنے نہیں دیا
ہم نے وجود اپنا بکھرنے نہیں دیا
کار جہاں دراز تھا پر کیا بتائیں ہم
مصروفیت نے گھر سے نکلنے نہیں دیا
روٹی کی جستجو نے کیا دربدر ہمیں
قدموں کو اک مقام پہ جمنے نہیں دیا
دشمن پہ بھی خلوص کے رستہ کھلے رکھے
گرد انا کو ذہن پہ جمنے نہیں دیا
آنکھوں سے اپنی حرص کی عینک اتار لی
سینے میں اضطراب کو پلنے نہیں دیا
انساں کو انساں سے عداوت حیرت ہے (غزل)
انساں کو انساں سے عداوت حیرت ہے
ہوش سلامت اور یہ وحشت حیرت ہے
دل کی شکستہ حالی کا احساس نہیں
چہرے کی کرتے ہیں مرمت حیرت ہے
ہم ذرے ہیں ذرے کی اوقات ہی کیا
کرتے ہیں سورج کی مذمت حیرت ہے
انسانی قدروں کو جو پامال کرے
اس کے سر دستار فضیلت حیرت ہے
زندہ ہیں تو اپنا کوئی انداز بھی ہو
زندہ ہیں بس حسب روایت حیرت ہے
جس نے ہمیشہ نفرت آگ اور خون لکھا
وہی قلم لکھتا ہے مروت حیرت ہے
مزید غزلیں از شوکت انصاری ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں