پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شاطرحکیمی کی غزلیں — Shatir Hakeemi Ghazals

شاطرحکیمی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

مرے دل پہ تیرا قبضہ مرا اختیار تو ہے (غزل)

مرے دل پہ تیرا قبضہ مرا اختیار تو ہے

مری زندگی کا حاصل مرا انتظار تو ہے

ترا کس سے واسطہ ہے تجھے کس کی ہے تمنا

جو ہلاک جلوۂ غم دل بے قرار تو ہے

مری مشکلوں میں اکثر مرے کام آنے والے

مرا مونس و نگہباں مرا غم گسار تو ہے

تجھے میری جستجو ہے مجھے آرزو ہے تیری

ترا اعتبار میں ہوں مرا اعتبار تو ہے

کوئی دور دور تجھ سے کوئی پاس پاس تیرے

کہیں تو کرے ہے پردہ کہیں آشکار تو ہے

کہیں رخ چمک رہے ہیں کہیں دل مہک اٹھے ہیں

کہیں ضو فشانیاں ہیں کہیں مشک بار تو ہے

ترے در پہ آ گیا ہے یہ سیاہ کار شاطرؔ

مری بخش دے خطائیں کہ عطا شعار تو ہے

شدت درد جگر ہو یہ ضروری تو نہیں (غزل)

شدت درد جگر ہو یہ ضروری تو نہیں

اور پھر آنکھ بھی تر ہو یہ ضروری تو نہیں

بے خودی باعث کلفت بھی تو ہو سکتی ہے

ہر نفس کیف اثر ہو یہ ضروری تو نہیں

خود کو پامال ہی کرنا ہے تو اے جوش جنوں

وہ تری راہگزر ہو یہ ضروری تو نہیں

نشۂ خواب چرا لائے تری آنکھوں سے

نالۂ شب میں اثر ہو یہ ضروری تو نہیں

نظر آتا ہے جدھر سلسلۂ نقش قدم

میری منزل بھی ادھر ہو یہ ضروری تو نہیں

واللہ کیا زباں ہے اردو زباں ہماری (نظم)

واللہ کیا زباں ہے اردو زباں ہماری

فطرت کی ترجماں ہے اردو زباں ہماری

آبا کی داستاں ہے اردو زباں ہماری

مظلوم کی فغاں ہے اردو زباں ہماری

ہندو بھی بولتے ہیں مسلم بھی بولتے ہیں

دو جسم ایک جاں ہے اردو زباں ہماری

تعمیر کی ہے اس کی خود کو مٹا مٹا کر

اسلاف کا نشاں ہے اردو زباں ہماری

میٹھا اک ایک جملہ پر کیف ہر مقالہ

الحق شکر فشاں ہے اردو زباں ہماری

الفاظ چاند تارے بن کر چمک رہے ہیں

رفعت میں آسماں ہے اردو زباں ہماری

غالبؔ نسیمؔ کیفیؔ چکبستؔ ذوقؔ سرشارؔ

ہر شخص کی زباں ہے اردو زباں ہماری

اک اک کتاب اس کی پھولا پھلا چمن ہے

گلزار بے خزاں ہے اردو زباں ہماری

منشی پریمؔ اس پر ہوتے نہ کیوں تصدق

مانی ہوئی زباں ہے اردو زباں ہماری

ہر آدمی کے دل میں گھر کر رہی ہے شاطرؔ

محبوب مہرباں ہے اردو زباں ہماری

مزید غزلیں از شاطرحکیمی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں