پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شریف الدین ناشر کی غزلیں — Sharifuddin Nashir Ghazals

شریف الدین ناشر کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

جو لوگ نہیں واقف اسرار محبت (غزل)

جو لوگ نہیں واقف اسرار محبت

کیا ان کی نگاہوں میں ہو معیار محبت

ہم سا کوئی جانباز وفا ہو نہیں سکتا

دنیا میں فقط ہم ہیں سزاوار محبت

کعبہ سے تعلق نہ صنم خانے سے نسبت

بیگانہ ہے دونوں سے پرستار محبت

آتے ہوئے ناشرؔ کو جو دیکھا تو وہ بولے

وہ دیکھیے آتا ہے خطا کار محبت

کل شب جو تصور میں کوئی ماہ جبیں تھا (غزل)

کل شب جو تصور میں کوئی ماہ جبیں تھا

دل مرکز رعنائیٔ فردوس بریں تھا

منظر تو گلستاں کا دل آویز و حسیں تھا

پھولوں میں مگر رنگ وفا کا بھی کہیں تھا

دنیا تجھے کہتی رہی وعدہ شکن اے دوست

پھر بھی مرے دل کو ترے وعدے پہ یقیں تھا

سونپی گئی مجھ کو غم ہستی کی امانت

میں روز ازل ہی سے ہر اک غم کا امیں تھا

زاہد کو تھا ناز اپنی عبادات پہ ناشرؔ

ہم کو فقط اللہ کی رحمت پہ یقیں تھا

مزید غزلیں از شریف الدین ناشر ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں