پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شریف ساجد کی غزلیں — Sharif Sajid Ghazals

شریف ساجد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

تیرے دیوانے یہی کام لئے پھرتے ہیں (غزل)

تیرے دیوانے یہی کام لئے پھرتے ہیں

اپنے محبوب کا پیغام لئے پھرتے ہیں

تیرے عاشق ترے گلفام لئے پھرتے ہیں

اپنے ہونٹوں پہ ترا نام لئے پھرتے ہیں

ان کی تصویر کی کیا ہم کو ضرورت یارو

جن کو سینے میں ہر اک شام لئے پھرتے ہیں

اپنے ہاتھوں سے پلائیں گے سنا ہے جب سے

ہم تصور میں وہی جام لئے پھرتے ہیں

تیز بارش ہو کہ سردی ہو یا گرمی ساجدؔ

ہم تو بس دعوت اسلام لئے پھرتے ہیں

دیکھ پچھتائے گا نادان ذرا ہوش میں آ (غزل)

دیکھ پچھتائے گا نادان ذرا ہوش میں آ

چار ہی دن کا ہے مہمان ذرا ہوش میں آ

کر کے اغیار کی رسموں کی صریحاً تقلید

خود کو کہتا ہے مسلمان ذرا ہوش میں آ

اپنے اسلاف کے کردار بھلانے والے

کتنی اونچی تھی تری شان ذرا ہوش میں آ

بکریاں جن کو چرانی بھی نہیں آتی تھیں

بن گئے کیسے وہ سلطان ذرا ہوش میں آ

دین حق کی نہیں کر پایا حفاظت تو پھر

شہدا پکڑیں گے گریبان ذرا ہوش میں آ

ہے ابھی وقت سنبھلنے کا سنبھل جا ساجدؔ

تیرے ہاتھوں میں ہے قرآن ذرا ہوش میں آ

مزید غزلیں از شریف ساجد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں