پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شمشاد جلیل شاد کی غزلیں — Shamshad Jaleel Shad Ghazals

شمشاد جلیل شاد کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

قافلے گئے پھر بھی کچھ غبار باقی ہے (غزل)

قافلے گئے پھر بھی کچھ غبار باقی ہے

دید کا تری اب تک انتظار باقی ہے

دل کو ٹوٹنا ہی تھا ٹوٹ کے وہ بکھرا بھی

ہاں مگر ابھی تک کچھ یادگار باقی ہے

ڈوبتی رہی کشتی ساگروں کی لہروں میں

ساحلوں پہ تم ہوں گے اعتبار باقی ہے

چاند خود مسافر ہے ساتھ کب تلک دے گا

رہبروں کا اب بھی کیوں انتظار باقی ہے

پھول بکھرے راہوں میں ہے حسیں سفر لیکن

راستے میں اب بھی کچھ خار زار باقی ہے

ختم ہو ہی جائے گی تیرگی غموں کی اب

صبح ہونے والی ہے انتظار باقی ہے

زندگی جو جینا ہے اس کے واسطے اے شادؔ

ڈھیر ساری خوشیوں کا آبشار باقی ہے

گلابوں سی تمہاری یاد ہر جانب مہکتی ہے (غزل)

گلابوں سی تمہاری یاد ہر جانب مہکتی ہے

تمہاری جستجو میں اب ہوا کی رو بھٹکتی ہے

جہاں بھر میں ہزاروں بولیاں میٹھی بہت لیکن

مری اردو زباں ان میں نگینے سی چمکتی ہے

بزرگوں کی نشانی ہے جسے چادر میں کہتی ہوں

اسے جب اوڑھ لیتی ہوں مری صورت دمکتی ہے

سکوں ملتا مجھے یہ جان کر بیٹی بہت خوش ہے

تبھی تو خواب میں آ کر وہ ہنستی ہے چہکتی ہے

نظر جب آپ کی ہوگی کھلیں گے باب رحمت کے

وگرنہ روح انسانی اندھیروں میں بھٹکتی ہے

جو خواہش ہو نہیں سکتی زمانے میں کبھی پوری

دبا کے درد سینے میں وہی خواہش سسکتی ہے

اجالا تیری یادوں کا (نظم)

اجالا تیری یادوں کا

مرے اطراف ہے پھیلا

اسی کی روشنی سے میں

ہماری زندگی کا

محبت کا وفاؤں کا

فسانہ لکھتی رہتی ہوں

کبھی فرصت جو مل جائے

تو آ کے اس کو پڑھ لینا

مری بس اتنی خواہش ہے

یوں ہی قائم رہے ہر دم

مزید غزلیں از شمشاد جلیل شاد ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں