پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شمیم یوسفی کی غزلیں — Shamim Yusufi Ghazals

شمیم یوسفی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

سارا عالم دھوپ کا سا سایۂ اشجار میں (غزل)

سارا عالم دھوپ کا سا سایۂ اشجار میں

دم کہاں سے آئے گا مرتے ہوئے بیمار میں

اس تناسب پر کرو گے غور تو مر جاؤ گے

خون کے چھینٹے ہیں کتنے سرخیٔ دیوار میں

آڑی ترچھی صورتیں ہی اگ رہی ہیں شاخ پر

کس نے ٹوٹے آئنوں کو رکھ دیا گلزار میں

سر جھکانے کو جھکا دیں ہم تو یوں بھی سو دفعہ

شاخ گل کی بو کہاں سے آپ کی تلوار میں

کون سی بازی لگائی جا رہی ہے دیکھنا

لوگ مرتے جا رہے ہیں کوچۂ دل دار میں

جانے کن چہروں کی سازش کا نتیجہ ہے شمیمؔ

آئنے ٹوٹے پڑے ہیں وقت کے بازار میں

موسموں کی سرخ گیلی دھوپ میرے گھر میں تھی (غزل)

موسموں کی سرخ گیلی دھوپ میرے گھر میں تھی

شعلگی کے رقص میں ڈوبی فضا باہر میں تھی

میری آنکھوں سے ٹپکتا تھا کسی بوڑھے کا دل

دھوپ کی اجلی جوانی میرے ہی پیکر میں تھی

سبزہ و گل لہلہاتے تھے ہر ایک جانب مگر

رو پڑا دریا اداسی کون سے منظر میں تھی

آپ کی دیوار پر اگ آئے تھے کتنے ببول

میری پوشیدہ کہانی آپ ہی کے گھر میں تھی

رفتہ رفتہ کھنچ رہے تھے سب اسی جانب شمیمؔ

کیا نجات آدمی اب شورش محشر میں تھی

مزید غزلیں از شمیم یوسفی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں