پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شمیم اکرم رحمانی کی غزلیں — Shamim Akram Rahman Ghazals

شمیم اکرم رحمانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

عشق میں ڈوب جانا پڑتا ہے (غزل)

عشق میں ڈوب جانا پڑتا ہے

زخم پر زخم کھانا پڑتا ہے

گرم آنسو اداس راتوں میں

چپکے چپکے بہانا پڑتا ہے

ہر جگہ عقل کی نہیں چلتی

کچھ جگہ سر جھکانا پڑتا ہے

میکدے کا اصول ہے صاحب

ہاتھ آگے بڑھانا پڑتا ہے

مفت میں بھیک بھی نہیں ملتی

خود کو حد سے گرانا پڑتا ہے

آنسوؤں کو سنبھال کر رکھنا

بزم میں مسکرانا پڑتا ہے

راز کھلتا ہے عشق کا اکرمؔ

جب جگر آزمانا پڑتا ہے

یہ کیسی مہربانی ہو رہی ہے (غزل)

یہ کیسی مہربانی ہو رہی ہے

شرافت پانی پانی ہو رہی ہے

نئے کردار ہیں لیکن ابھی تک

قلا بازی پرانی ہو رہی ہے

چمن میں پھول مسلے جا رہے ہیں

عجب سی باغبانی ہو رہی ہے

نہ مسجد ہے نہ مے خانہ سلامت

یہ کیسی حکمرانی ہو رہی ہے

حرم کے تاجروں سے آج کل بس

بتوں کی پاسبانی ہو رہی ہے

یہاں کی درس گاہ مکر و فن میں

ہماری رائیگانی ہو رہی ہے

سر محفل ستم کی انتہا بھی

تغافل کی زبانی ہو رہی ہے

میاں بنیاد کے پتھر ہیں ہم لوگ

ہمیں سے بد گمانی ہو رہی ہے

زمانہ جانتا ہے کس کے دم سے

جہاں میں ضو فشانی ہو رہی ہے

کبھی آیا تھا وہ بزم طرب میں

ابھی تک گلفشانی ہو رہی ہے

غزل کے خوش نما لہجے میں اکرمؔ

ہماری حق بیانی ہو رہی ہے

مزید غزلیں از شمیم اکرم رحمانی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں