شمیم عباس کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
تم میں تو کچھ بھی واہیات نہیں (غزل)
تم میں تو کچھ بھی واہیات نہیں
جاؤ تم آدمی کی ذات نہیں
دل میں جو ہے وہی زبان پے ہے
اور کوئی ہم میں خاص بات نہیں
سب کو دھتکارا درکنار کیا
ایک بس خود ہی سے نجات نہیں
کھل کے ملتے ہیں جس سے ملتے ہیں
ذہن میں کوئی چھوت چھات نہیں
اک تعلق سبھی سے ہے لیکن
سب سے جائز تعلقات نہیں
شاعری ہے یہ شاعری صاحب
یہ شریفوں کے بس کی بات نہیں
وہ ایک شخص مرے پاس جو رہا بھی نہیں (غزل)
وہ ایک شخص مرے پاس جو رہا بھی نہیں
وہ خود کو دور کبھی مجھ سے کر سکا بھی نہیں
نگاہ جس کی مری سمت آج تک نہ اٹھی
مرے سوا وہ کسی شے کو دیکھتا بھی نہیں
مرے خطوط تو جھلا کے پھاڑ دیتا ہے
عجیب بات ہے پرزوں کو پھینکتا بھی نہیں
تمام وقت ہے وہ محو گفتگو مجھ سے
یہ کان جس کی صداؤں سے آشنا بھی نہیں
ہمارے سینے میں چھپ جائے ڈر کے دنیا سے
وہ جس کے لمس نے اب تک ہمیں چھوا بھی نہیں
جدھر بھی دیکھوں وہی وہ دکھائی دیتا ہے
مزے کی بات تو یہ ہے کہ وہ خدا بھی نہیں