شمیم عثمانی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
کیا بتاؤں کون دامن گیر قاتل ہے یہاں (غزل)
کیا بتاؤں کون دامن گیر قاتل ہے یہاں
خون ناحق تشنۂ شمشیر قاتل ہے یہاں
جانتے ہیں خوب یہ حلقہ بگوشان وفا
ہر قدم پر حلقۂ زنجیر قاتل ہے یہاں
آئینے جھوٹے ہیں یا آنکھیں منافق ہو گئیں
پیکر معصومیت تصویر قاتل ہے یہاں
کون دیکھے خواب کس کو سر نہیں اپنا عزیز
خواب بھی شرمندۂ تعبیر قاتل ہے یہاں
بے نیاز سرد و گرم و کامیاب رزم و بزم
خندہ زن تقدیر پر تدبیر قاتل ہے یہاں
نوک خنجر نے لکھی ہیں سب کی تقدیریں مگر
خود نوشتہ صرف اک تقدیر قاتل ہے یہاں
خلوتیں برباد لیکن محفلیں آباد ہیں
باعث تخریب دل تعمیر قاتل ہے یہاں
کوچۂ قاتل میں وضع بندگی ہے کافری
اصل ایماں جرأت تکفیر قاتل ہے یہاں
یہ قلمرو منصف خنجر بکف کی ہے شمیمؔ
معتبر کچھ ہے تو وہ تحریر قاتل ہے یہاں
مجھ سے دنیا آشنا اور خود سے میں نا آشنا (غزل)
مجھ سے دنیا آشنا اور خود سے میں نا آشنا
دور باش اے خوش فریبی کون کس کا آشنا
عہد ظلمت میں دلوں کے حال سے واقف تھے ہم
روشنی کے دور میں ہیں صرف چہرہ آشنا
کچھ نہیں اس کے سوا صحرا گزینی کا سبب
ظرف اپنا قطرہ ساماں پیاس دریا آشنا
کون ہے میرے سوا آئینہ بردار سحر
میں چراغ آخر شب کا ہوں تنہا آشنا
کچھ نہ کچھ تو تیرگی پر آنچ آتی دوستو
کاش ہوتے یہ خس و خاشاک شعلہ آشنا
ایک دن آ جائے گی میری زباں پر دل کی بات
ایک دن ہو جائے گا ہر آشنا نا آشنا
صرف تم سے ہی نہیں خود سے بھی میں بیزار ہوں
میری مشکل یہ ہے یارو میں ہوں اپنا آشنا
چاک داماں ہیں سبھی بازار شہر حسن میں
کس کا دامن ہے مگر دست زلیخا آشنا
کتنے دربانوں کا درماں بے نیازی تھی شمیمؔ
بن گیا آزار جاں درد مسیحا آشنا