شمیم صابری کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
وہ لب کشا ہوں تو گوشے کئی نکلتے ہیں (غزل)
وہ لب کشا ہوں تو گوشے کئی نکلتے ہیں
اسی چراغ سے کتنے چراغ جلتے ہیں
میں جل رہا ہوں مگر کون اس کو مانے گا
مرے وجود سے شعلے کہاں نکلتے ہیں
کسی لباس میں خود کو چھپا نہیں پاتے
لباس دن میں کئی بار جو بدلتے ہیں
یہ اہل علم کا شیوہ کبھی رہا ہی نہیں
جو کچھ نہیں ہیں وہی سر اٹھا کے چلتے ہیں
خطا معاف ہمیں آپ ہی سے شکوہ ہے
کہ ہم تباہ فقط آپ ہی کے چلتے ہیں
بہت سے لوگ سمجھتے ہیں خود سری اس کو
کہ ہم ہنوز اسی شان سے نکلتے ہیں
کبھی وہ تیر نہیں بیٹھتے نشانے پر
کشاں کشاں جو کماں سے تری نکلتے ہیں
سمجھ گئے تھے نہ پگھلے تو ٹوٹ جائیں گے
وگرنہ برف کے تودے کہیں پگھلتے ہیں
قدم قدم پہ وہ پھر ٹھوکریں نہیں کھاتے
شمیمؔ ایک ہی ٹھوکر میں جو سنبھلتے ہیں
آئے کچھ صبر کچھ قرار آئے (غزل)
آئے کچھ صبر کچھ قرار آئے
اس طرح بھی کبھی بہار آئے
جنبش لب وہی ہے تو بھی وہی
پھر مجھے کیوں نہ اعتبار آئے
یا چمن کو چمن نہ کہنے دے
یا وہی بوئے مشک بار آئے
شمع محفل کو یہ خبر نہ ہوئی
کس قدر اس کے جاں نثار آئے
میں پریشاں سہی اداس سہی
تیرے چہرے پہ کیوں غبار آئے
جب کسی کا بھی انتظار نہیں
پھر خزاں آئے یا بہار آئے
جب ہوا چاک چاک پیراہن
کام دامن کے تار تار آئے
آرزو حسرتیں تمنائیں
زندگی قید میں گزار آئے
آج کیا کہہ دیا کسی نے شمیمؔ
اشک آنکھوں میں بار بار آئے