شام لال روشن دہلوی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
غرض گھبرا اٹھے اللہ میاں بھی اس کرپشن سے (غزل)
غرض گھبرا اٹھے اللہ میاں بھی اس کرپشن سے
ملے گا حسن بھی تقسیم ہو کر اب تو راشن سے
تمہارے حسن کی محفل میں آئے اس طرح عاشق
کچھ آئے انویٹیشن سے کچھ آئے ایجیٹیشن سے
ہمیں عشاق کی فہرست میں رکھ کر ہی ٹھکرا دے
ارے ہم تو وہ عاشق ہیں جو خوش ہیں نومینیشن سے
وہ ہوں گے اور جن کو وصل اس موسم میں حاصل ہے
یہاں تو شغل سردی میں رہا کرتا ہے لپٹن سے
مرے ہر شعر میں روشنؔ پیام صد تبسم ہے
میں وہ شاعر نہیں جو بولتے رہتے ہیں مدفن سے
وہ دیکھ آ رہا ہے بڑھاپا قضا کے ساتھ (غزل)
وہ دیکھ آ رہا ہے بڑھاپا قضا کے ساتھ
یہ دیکھ جا رہی ہے جوانی ہوا کے ساتھ
پیر مغاں کے مرتے ہی بھٹی اجڑ گئی
کشتیٔ مے بھی ڈوب گئی ناخدا کے ساتھ
دیتے ہیں ہم بناسپتی گھی سے آہوتی
کیسا ہوا یہ کھیل ہے پر ماتما کے ساتھ
ساقی بھی مانسون کے دفتر میں ہے کلرک
بوتل بھی اب تو آیا کرے گی گھٹا کے ساتھ
ہمدردیوں کے ساتھ ہیں یہ پیش بندیاں
لائے ہیں وہ کفن بھی ہماری دوا کے ساتھ
بیٹے بہو کا گھومنا کس منہ سے ٹوکیے
اب تو چچی بھی گھوم رہی ہیں چچا کے ساتھ
تو بد نصیب عشق میں پٹنے سے ڈر گیا
روشنؔ کو دیکھ ہو ہی لیا پٹ پٹا کے ساتھ