شاکر آروی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
حال دل کا بیاں نہ ہو جائے (غزل)
حال دل کا بیاں نہ ہو جائے
بے زبانی زباں نہ ہو جائے
زندگی کا یہ مختصر لمحہ
صرف آہ و فغاں نہ ہو جائے
مجھ سے چھپ چھپ کے آپ کا ملنا
عشق کی داستاں نہ ہو جائے
آپ کی التفات بے حد سے
دل کہیں بد گماں نہ ہو جائے
دل میں سمجھا ہے مہرباں جس کو
وہی نا مہرباں نہ ہو جائے
ڈر ہے شاکرؔ کہ آشیاں اپنا
نذر برق تپاں نہ ہو جائے
آپ کی مجھ پر عنایت ہو گئی (غزل)
آپ کی مجھ پر عنایت ہو گئی
دور سب اپنی شکایت ہو گئی
وہ جدھر بھی ہو گئے محو خرام
وہ جگہ گلزار جنت ہو گئی
ذکر مے پر مسکرائے شیخ جی
لیجئے معلوم نیت ہو گئی
آپ کے جو جی میں آیا کہہ گئے
ہم جو کچھ بولے شکایت ہو گئی
لو کچھ اس انداز سے انگڑائیاں
لوگ یہ سمجھیں قیامت ہو گئی
مزید غزلیں از شاکر آروی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں