شکیل جاذب کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔
حاصل عمر ہے جو ایک کسک باقی ہے (غزل)
حاصل عمر ہے جو ایک کسک باقی ہے
میری سانسوں میں ابھی تیری مہک باقی ہے
مجھ سے کیا چھین سکا تو کہ ابھی تک میرے
پاؤں کے نیچے زمیں سر پہ فلک باقی ہے
پھر تجھے اور مجھے اور کہیں جانا ہے
ہم سفر ساتھ تو چل جتنی سڑک باقی ہے
یہ کوئی کم تو نہیں دوست جدا ہو کر بھی
اپنے لہجے میں شکایت کی جھلک باقی ہے
اس سے بہتر تھا مجھے راہ نشینی کا یقیں
کیسی منزل ہے پہنچنے پہ بھی شک باقی ہے
تیری ہر شام ستاروں سے سجانا ہے مجھے
جب تک آنکھوں پہ مری اک بھی پلک باقی ہے
مجھ کو ترے خیال سے وحشت کبھی نہ تھی (غزل)
مجھ کو ترے خیال سے وحشت کبھی نہ تھی
اس درجہ بے ادب یہ طبیعت کبھی نہ تھی
حد ہے اسی کے پاس ہے کردار کی سند
جس کی تمام شہر میں عزت کبھی نہ تھی
یارو دعا کرو یہ کوئی حادثہ نہ ہو
پہلے یوں انتظار میں لذت کبھی نہ تھی
یا تو جفائیں آپ کی حد سے گزر گئیں
یا پھر ہمیں سزاؤں کی عادت کبھی نہ تھی
جاذبؔ غم حیات کی تلخی زباں پہ ہے
ورنہ ہمیں جہاں سے شکایت کبھی نہ تھی
مت پوچھ یہ مجھ سے دوست مرے (نظم)
مت پوچھ یہ مجھ سے دوست مرے
کیوں شام ڈھلے ان آنکھوں میں
بے نام سی ایک اداسی کی
گھنگھور گھٹائیں رہتی ہیں
کیوں بے خود ہو کر اس لمحے
ڈھلتا ہوا سورج تکتا ہوں
آنکھوں میں کسی کا عکس لیے
کیوں بدن کتابیں تکتا ہوں
مت پوچھ یہ وقت ہی ایسا ہے
مجھے دل پر زور نہیں رہتا
میں لاکھ چھپاتا ہوں لیکن
اشکوں کو روک نہیں سکتا
اک قرض چکانے کی خاطر
یہ کچھ لمحوں کی چوری ہے
بس یوں ہی سمجھ لے یار مرے
یہ شام مری کمزوری ہے