پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شکیل جمالی کی غزلیں — Shakeel Jamali Ghazals

شکیل جمالی کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

کھانے کو تو زہر بھی کھایا جا سکتا ہے (غزل)

کھانے کو تو زہر بھی کھایا جا سکتا ہے

لیکن اس کو پھر سمجھایا جا سکتا ہے

اس دنیا میں ہم جیسے بھی رہ سکتے ہیں

اس دلدل پر پاؤں جمایا جا سکتا ہے

سب سے پہلے دل کے خالی پن کو بھرنا

پیسہ ساری عمر کمایا جا سکتا ہے

میں نے کیسے کیسے صدمے جھیل لیے ہیں

اس کا مطلب زہر پچایا جا سکتا ہے

اتنا اطمینان ہے اب بھی ان آنکھوں میں

ایک بہانہ اور بنایا جا سکتا ہے

جھوٹ میں شک کی کم گنجائش ہو سکتی ہے

سچ کو جب چاہو جھٹلایا جا سکتا ہے

اشک پینے کے لیے خاک اڑانے کے لیے (غزل)

اشک پینے کے لیے خاک اڑانے کے لیے

اب مرے پاس خزانہ ہے لٹانے کے لیے

ایسی دفعہ نہ لگا جس میں ضمانت مل جائے

میرے کردار کو چن اپنے نشانے کے لیے

کن زمینوں پہ اتارو گے اب امداد کا قہر

کون سا شہر اجاڑو گے بسانے کے لیے

میں نے ہاتھوں سے بجھائی ہے دہکتی ہوئی آگ

اپنے بچے کے کھلونے کو بچانے کے لیے

ہو گئی ہے مری اجڑی ہوئی دنیا آباد

میں اسے ڈھونڈ رہا ہوں یہ بتانے کے لیے

نفرتیں بیچنے والوں کی بھی مجبوری ہے

مال تو چاہئے دوکان چلانے کے لیے

جی تو کہتا ہے کہ بستر سے نہ اتروں کئی روز

گھر میں سامان تو ہو بیٹھ کے کھانے کے لیے

زندگی کو گزارنے کے لئے (نظم)

زندگی کو گزارنے کے لئے

وقت کا زہر مارنے کے لئے

اپنا غصہ اتارنے کے لئے

فون پر شب گزارنے کے لئے

دوست سچ مچ بہت ضروری ہیں

دل کے چھالوں کو پھوڑنے کے لئے

برف اداسی کی توڑنے کے لئے

رخ ہواؤں کا موڑنے کے لئے

دل کے ٹکڑوں کو جوڑنے کے لئے

ہم نے مانا کہ درد دیتے ہیں

راہ میں ساتھ چھوڑ دیتے ہیں

آس کی ڈور توڑ دیتے ہیں

تار دل کے جھنجھوڑ دیتے ہیں

پھر بھی مجھ جیسے آدمی کے لئے

کوچۂ جاں میں روشنی کے لئے

ابن آدم کی بہتری کے لئے

مزید غزلیں از شکیل جمالی ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں