پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شیخ میر بخش مسرور کی غزلیں — Shaikh Meer Bakhsh Masroor Ghazals

شیخ میر بخش مسرور کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

دن وصل کے رنج شب غم بھول گئے ہیں (غزل)

دن وصل کے رنج شب غم بھول گئے ہیں

یہ خوش ہیں کہ اپنے تئیں ہم بھول گئے ہیں

ان وعدہ فروشوں سے کیا کیجیے شکوہ

کھا کھا کے مرے سر کی قسم بھول گئے ہیں

جس دن سے گئے اپنی خبر تک نہیں بھیجی

شاید ہمیں یارانۂ عدم بھول گئے ہیں

کاٹی ہیں مہینوں ہی تری یاد میں راتیں

غفلت میں تجھے گر کوئی دم بھول گئے ہیں

یا راحت و رنج اب ہے مساوات ہمیں کو

یا آپ ہی کچھ طرز ستم بھول گئے ہیں

کچھ ہوش ٹھکانے ہوں تو لیں نام کسی کا

ہم دے کے کہیں دل کی رقم بھول گئے ہیں

گو برسر پرخاش ہے مسرورؔ سے تو اب

کیا اس کو ترے لطف و کرم بھول گئے ہیں

ساقی مئے گل رنگ مرے لب سے ملا دیکھ (غزل)

ساقی مئے گل رنگ مرے لب سے ملا دیکھ

جس وقت بہکنے میں لگوں تب تو مزہ دیکھ

گر دیکھنا ہے بلبل نالاں کا تماشہ

تو باد صبا باغ میں تو گل کو ہنسا دیکھ

بگڑی ہے شب وصل تو وہ مجھ سے کہے ہے

اب کی تو بدن کو تو مرے ہاتھ لگا دیکھ

پیچھا ترا چھوڑیں نہ کبھی بوسہ لیے بن

دو روز ہم ایسوں کو ذرا منہ تو لگا دیکھ

کیا فائدہ گر اس کے دل و جاں کا ضرر ہو

مسرورؔ کو یوں خوں نہ رلا رنگ حنا دیکھ

مزید غزلیں از شیخ میر بخش مسرور ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں