پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شہزادی کلثوم کی غزلیں — Shahzadi Kulsum Ghazals

شہزادی کلثوم کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

حسن ہو میرا دل نواز حسن کی دل نواز میں (غزل)

حسن ہو میرا دل نواز حسن کی دل نواز میں

میرے اٹھائیں ناز وہ اس کے اٹھاؤں ناز میں

کون ہوں اور کیا ہوں میں کوئی نہ یہ سمجھ سکا

بزم جہاں میں آتے ہی بن گئی ایک راز میں

حسن میں اور عشق میں کیسے نبھے گی اے خدا

حسن جفا شعار ہے اور وفا نواز میں

میرے شب فراق میں کاش اجل ہو میہماں

پھر تو طلسم زندگی کھول دوں تیرا راز میں

خوگر غم جو ہو گئی اس میں مرا قصور کیا

آپ نے غم دیے مجھے بن گئی غم نواز میں

آج وہ مست ناز جو دل میں ہوا ہے میہماں

اب یہ جگر کو رشک ہے بنتا حریم ناز میں

تجھ میں چھپی ہوئی ہوں میں مجھ میں چھپا ہوا ہے تو

ساز جو تو ہے نغمہ میں نغمہ جو تو ہے ساز میں

بن کے مٹوں تو ہاں مٹوں حسن شہہ حجاز پر

مٹ کے اگر بنوں تو ہوں خاک رہ حجاز میں

ہیچ مری نگاہ میں دولت کائنات ہے

کیونکہ ازل کے دن سے ہوں بندۂ بے نیاز میں

کعبہ بنائیے نہ کلیسا بنائیے (غزل)

کعبہ بنائیے نہ کلیسا بنائیے

دل کو تصورات کی دنیا بنائیے

تصویر حسن کھینچیے مجنوں کے بھیس میں

آئینۂ خیال کو لیلیٰ بنائیے

حرص و ہوائے دار فنا سے غرض نہیں

دنیا سے کھوئیے مجھے اپنا بنائیے

دیوانگئ عشق کو رسوا نہ کیجئے

لیلیٰ کو قیس قیس کو لیلیٰ بنائیے

ہے فطرت نظر کا تقاضا یہ بار بار

موسیٰ بنائیے مجھے موسیٰ بنائیے

کیوں نظم حسن و عشق کو تبدیل کر دیا

کس نے کہا تھا قیس کو لیلیٰ بنائیے

پہلے نظر کو طاقت نظارہ دیجئے

پھر اختیار ہے مجھے موسیٰ بنائیے

صدق و صفا کے سانچے میں پھر دل کو ڈھال کر

مہر و وفا کا گوہر یکتا بنائیے

جل کر بھی سوز عشق میں اف تک نہ کیجئے

دل کو سکون و ضبط کا پتلا بنائیے

کلثومؔ زندگی کا گزرنا محال ہے

دنیا کو اک حسین تماشا بنائیے

دیکھتا ہے کون صحرا کے بگولوں کی طرف (نظم)

دیکھتا ہے کون صحرا کے بگولوں کی طرف

جو نظر اٹھتی ہے بس جاتی ہے پھولوں کی طرف

عیش میں رہ کر ہمیں کچھ بھی خیال غم نہیں

مسکراہٹ لب پہ ہے آنکھیں مگر پر نم نہیں

دیکھتا اس کے کرشمے کس کو اتنا ہوش تھا

پتی پتی دم بخود تھی گل چمن خاموش تھا

محو نظارہ تھیں آنکھیں دل میں طاری بے خودی

مجھ کو دیوانہ کئے دیتی تھی پھولوں کی ہنسی

دیکھتی تھی میں بھی یہ حسن چمن رنگ بہار

ناگہاں آئی صدائے دل کہ غافل ہوشیار

کھول آنکھیں دیکھ اپنے مسلموں کا حال زار

ان کو تو ان کافر یہودوں نے بنایا ہے شکار

ان مظالم پر بھی تو سرشار ہے مدہوش ہے

مسجدوں میں جانور بندھتے ہیں تو خاموش ہیں

نام کو باقی نہیں اسلام کا عز و وقار

تیری آنکھوں سے مگر جاتا نہیں اب تک خمار

ہم ہیں حالانکہ بہت یہ ہو چکا ہے انقلاب

سن رہے ہیں داستان غم مگر کیا دیں جواب

ہو کے پابند حکومت کس قدر مجبور ہیں

یعنی کوسوں ہم عرب کی منزلوں سے دور ہیں

ہوک اٹھتی ہے یہ سن میرے دل ناکام میں

پلٹنیں کفار کی ہوں خانۂ اسلام میں

مزید غزلیں از شہزادی کلثوم ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں