پیر • 5 اکتوبر 2026ء
📚 کتب خانہ ۱۴۸٬۸۹۴

شہزاد تابش کی غزلیں — Shahzad Tabish Ghazals

شہزاد تابش کی منتخب غزلیں اور نظمیں۔

نگار زندگانی میں سہارے لوٹ کر آئے (غزل)

نگار زندگانی میں سہارے لوٹ کر آئے

فصیل شام پر روشن ستارے لوٹ کر آئے

تمہارا ساتھ میری سلطنت کا اک خزانہ تھا

تمہارے چھوڑ جانے پر خسارے لوٹ کر آئے

جو ڈھلتی عمر کی حد پر نیا عہد وفا باندھا

خزاؤں سے بہاروں کے نظارے لوٹ کر آئے

وہ جن کو پیار تھا اپنے وطن کے ذرے ذرے سے

وہ ماں کی جھولیوں میں کب دلارے لوٹ کر آئے

نہ توڑا رشتۂ امید تند و تیز موجوں میں

بھنور میں ناخدا بن کر کنارے لوٹ کر آئے

چراغ نیم جاں اب لڑ رہا ہے آخری پل سے

غنیمت ہے محبت کے اشارے لوٹ کر آئے

میں تابشؔ مدتوں سے برف کی بستی کا باسی ہوں

میں خوش ہوں میری جانب جو شرارے لوٹ کر آئے

جب آبلوں سے کرب کے دھارے نکل پڑے (غزل)

جب آبلوں سے کرب کے دھارے نکل پڑے

اذن سفر کے پھر سے اشارے نکل پڑے

جب گرم پانیوں سے مری گفتگو ہوئی

تو برف کے بدن سے شرارے نکل پڑے

اس وقت اپنے آپ کی مجھ کو ملی خبر

جب شہر گم شدہ میں شمارے نکل پڑے

امید بحر نو میں کبھی غوطہ زن تھا میں

کیوں گہرے پانیوں سے خسارے نکل پڑے

خوف شب مہیب مٹانے کے واسطے

سورج کے ساتھ چاند ستارے نکل پڑے

رستے کے پتھروں نے ہمیں جب بھی دی صدا

ہم نے تھکن کے بوجھ اتارے نکل پڑے

ہم کو نہ پا کے حادثے اپنے مقام پر

تابشؔ ہماری کھوج میں سارے نکل پڑے

مزید غزلیں از شہزاد تابش ←ابھی کوئی غزل منسلک نہیں